عبدالرشید ترابی کی ترک پارلیمنٹ کے ڈپٹی سپیکر سیلم اوزلو سے اہم ملاقات ،مسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال

کشمیری ہمارے دلوں میں بستے ہیں ،سلیم اوزلو ترک پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لایا جائے،عبدالرشید ترابی

بدھ 22 نومبر 2017 16:01

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2017ء) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے ترک پارلیمنٹ کے ڈپٹی سپیکر سلیم اوزلو سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہورہا ہے ،ہندوستان نے اقوام عالم کے سامنے کشمیریوں کے بنیادی حق حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا 70سال گزر گے ابھی تک ایفا نہ ہوسکا ،ہندوستان عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کے لیے سیز فائر لائن پر سول آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کرکے نہتے عوام کو شہید کررہا ہے ،مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں گمنام قبریں دریافت ہو چکی پیلٹ گن کے ذریعے نوجوانوں کو ٹارگٹ کر کے بینائی سے محروم کیا جا رہا ہے ،مقبوضہ کشمیر کے طلبہ وطالبات ہاتھوں میں پتھر لے کر افواج کا مقابلہ کررہے ہیں کشمیریوں کو مسلمان ہونے کی سز اد ی جارہی ہے ،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ ترکی نے ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی اورسفارتی سطح پر حمایت کی ہے زلزلہ کے موقع پر ترک عوام نے کشمیریوں کے ساتھ والہانہ محبت کااظہار کیا ترک صدر طیب رجب اردگان خود مظفرآباد تشریف لائے بیس کیمپ کے عوام ان کے شکر گزار ہیںعبدالرشید ترابی نے کہاکہ ترک پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لایا جائے اور عالمی برادری کو کشمیریوں سے کیا ہوا وعدہ یا د دلایا جائے اس موقع پر ڈپٹی سپیکر ترک پارلیمنٹ سلیم اوزلو نے کہا کہ پاکستانی اور کشمیری ہمارے دلوں میں بستے ہیں ،ترکی کشمیریوں کے حق حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے ہندوستان اپنے وعدے کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق فراہم کرے ،ترک پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لایا جائے گا ،سلیم اوزلو نے کہا کہ ہندوستان کے مظالم کو روکوانے کے لیے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرواتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق دلانے میں کردار ادا کرے ۔