Live Updates

میاں صاحب کو اور کچھ نہیں سوجھتا تو جرائم چھپانے کیلئے توپوں کا رخ تحریک انصاف کی جانب موڑ دیتے ہیں‘

چشم فلک کو یہ نظارہ بھی کرنا تھا کہ میاں صاحب دوسروں کو آمریت سے راہ رسم کا طعنہ دیں گے‘قوم کا بچہ بچہ میاں صاحب کے سیاسی اتالیق اور مکتب کو پہچانتا ہے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شفقت محمود کا سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان پر ردعمل

بدھ 22 نومبر 2017 15:59

میاں صاحب کو اور کچھ نہیں سوجھتا تو جرائم چھپانے کیلئے توپوں کا رخ تحریک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شفقت محمود نے کہا ہے کہ میاں صاحب کو اور کچھ نہیں سوجھتا تو اپنے جرائم چھپانے کیلئے توپوں کا رخ تحریک انصاف کی جانب موڑ دیتے ہیں۔چشم فلک کو یہ نظارہ بھی کرنا تھا کہ میاں صاحب دوسروں کو آمریت سے راہ رسم کا طعنہ دیں گے۔

قوم کا بچہ بچہ میاں صاحب کے سیاسی اتالیق اور مکتب کو پہچانتا ہے۔بدھ کو سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ نون لیگ خود کسی بھی پہلو اور زاویے سے جمہوری سیاسی جماعت دکھائی نہیں دیتی۔نون لیگ کا انداز سیاست آمرانہ اور نواز شریف کا طرز قیادت شاہانہ ہے۔میاں صاحب کی جمہوری جماعت کا حقیقی چہرہ کل پوری قوم نے دیکھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اراکین جو عمومی طور پر پارلیمان آنا گوارا نہیں کرتے کل انہیں ترغیب و تحریص کے ذریعے ایوان میں لایا گیا۔اراکین اسمبلی کی وفاداریاں خریدنے کیلئے ترقیاتی فنڈز کوسیاسی رشوت کیطور پر استعمال کیا گیا۔اخلاقی, جمہوری اور آئینی اقدار پامال کرتے ہوئے انتہائی متنازعہ طرز عمل اختیار کیاگیا۔متنازعہ شق قانون میں برقرار رکھنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا گیا۔کرپشن کا حساب دینے کی بجائے اداروں پر الزام تراشی کا سہارا لیا گیا۔انہوںنے نواز شریف کو مشورہ دیا کہ وہ بے بنیاد الزام تراشی کی بجائے عدالت میں مقدمات کی پیروی کریں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کا احیاء اب ممکن نہیں, نواز شریف جتنی جلدی سمجھ لیں انکے حق میں بہتر ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات