ای سی ایل سے نام نہ نکالنے پر ڈاکٹر عاصم کی سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی

بدھ 22 نومبر 2017 15:16

ای سی ایل سے نام نہ نکالنے پر ڈاکٹر عاصم کی سپریم کورٹ میں توہین عدالت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء) سابق وزیر پیٹرولیم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین نے وزارت داخلہ کی جانب سے بیرون ملک سفر کی اجازت نہ دینے اور ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام نہ نکالنے پر سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم کا نام ان کی گرفتاری کے بعد نومبر 2015 میں ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا۔

رواں ماہ 16 نومبر کو جسٹس مشیر عالم اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تھی۔تاہم ڈاکٹر عاصم کا نام اب تک ای سی ایل سے نکالا نہ جاسکا، جس پر انہوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عاصم کی جانب سے دائر کی گئی توہین عدالت کی درخواست میں سیکریٹری داخلہ ارشد مرزا اور دیگر افسران کو فریق نامزد کیا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے 16 نومبر کے حکم نامے کے بعد سے متعدد زبانی اور تحریری یاددہانیوں کے باوجود بھی ڈاکٹر عاصم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نہیں نکالا گیا۔درخواست میں کہا گیا کہ عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عملدرآمد نہ کیے جانے پر متعلقہ افراد کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔