ارکان اسمبلی نے مخالفین کو اپنے متحد ہونے کا واضح پیغام دیا ‘

اپوزیشن کے بل کیخلاف ساتھ دینے پر ارکان قومی اسمبلی مبارکباد کے مستحق ہیں ‘ مستقبل میں بھی ارکان اسمبلی اسی اتحاد اور یگانگت کا مظاہرہ کریں سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں نواز شریف کا پارٹی کے غیر رسمی مشاورتی اجلاس سے خطاب اجلاس میں وزیر قانون نے ختم نبوتؐ قانون میں ترمیم اور فیض آباد میں تحریک لبیک کے دھرنے سے متعلق بریفنگ دی

بدھ 22 نومبر 2017 14:55

ارکان اسمبلی نے مخالفین کو اپنے متحد ہونے کا واضح پیغام دیا ‘
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2017ء) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں نواز شریف نے کہا کہ ارکان اسمبلی نے مخالفین کو اپنے متحد ہونے کا واضح پیغام دیا ‘ اپوزیشن کے بل کیخلاف ساتھ دینے پر ارکان قومی اسمبلی مبارکباد کے مستحق ہیں ‘ مستقبل میں بھی ارکان اسمبلی اسی اتحاد اور یگانگت کا مظاہرہ کریں۔ بدھ کو نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ہائوس میں مسلم لیگ(ن) کا غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا۔

اجلاس میں مریم نواز ‘ مریم اورنگزیب ‘ آصف کرمانی ‘ طارق فضل چوہدری ‘ میر مقام ‘ شیخ انصر ‘ طلال چوہدری ‘ مصدق ملک اور دیگر (ن) لیگ کے رہنما شریک ہوئے۔ (ن) لیگ کے اجلاس میں احتساب عدالت میں کارروائی پر مشاورت کی گئی۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے مسترد ہونے والے بل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے اپو زیشن کا بل مسترد ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ارکان اسمبلی نے گزشتہ روز اپنے متحد ہونے کا واضح پیغام مخالفین کو دیا۔

اپوزیشن کے بل کے خلاف ساتھ دینے پر ارکان مبارکباد کے مستحق ہیں۔ مستقبل میں بھی ارکان اسمبلی اسی اتحاد اور یگانگت کا مظاہرہ کریں۔ مشاورتی اجلاس میں (ن) لیگ کی عوامی رابطہ مہم پر بھی بات چیت کی گئی۔ پیر صابر شاہ نے (ن) لیگ کے اجلاس میں شریک ہو کر نواز شریف کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ صابر شاہ نے کہا کہ مجھے خیبر پختونخوا کی پارٹی سیاست سے سائیڈ لائن کیا جا رہا ہے ۔

پیر صابر شاہ نے امیر مقام کے روئیے سے نواز شریف کو آگاہ کیا۔ نواز شریف نے پیر صابر شاہ کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ وزیر قانون زاہد حامد بھی مشاورتی اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیر قانون نے مشاورتی اجلاس میں ختم نبوتؐ قانون میں ترمیم اور فیض آباد میں تحریک لبیک کی جانب سے جاری دھرنے سے متعلق بھی شرکاء کو بریفنگ دی۔