سپریم کورٹ نے الیکشن ایکٹ 2017 کے خلاف درخواستوں پر اعتراضات مسترد کردیا ،ْ

سماعت کیلئے منظور سپریم کورٹ میں شیخ رشید اور جمشید دستی سمیت 9 فریقین نے الیکشن ایکٹ 2017 کے خلاف درخواستیں دائر کی تھیں

بدھ 22 نومبر 2017 14:06

سپریم کورٹ نے الیکشن ایکٹ 2017 کے خلاف درخواستوں پر اعتراضات مسترد کردیا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء) سپریم کورٹ نے الیکشن ایکٹ 2017 کے خلاف درخواستوں پر اعتراضات مسترد کرتے ہوئے سماعت کے لیے منظور کرلیا ہے۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے الیکشن ایکٹ 2017 کے خلاف درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے تمام پٹیشنز کو سماعت کیلئے منظور کرلیا ہے۔سپریم کورٹ میں شیخ رشید اور جمشید دستی سمیت 9 فریقین نے الیکشن ایکٹ 2017 کے خلاف درخواستیں دائر کی تھیں جس پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراضات لگاتے ہوئے درخواست گزاروں کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ درخواستیں براہ راست سپریم کورٹ میں دائر نہیں کی جا سکتیں۔رجسٹرار سپریم کورٹ کے اعتراض کے بعد درخواست گزاروں نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے ان چیمبر اپیلیں کیں ،ْچیف جسٹس نے درخواست پر ان چیمبر سماعت کی اور درخواستوں پر اعتراضات کو ختم کرتے ہوئے سماعت کے لیے عدالت میں مقرر کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حکومت نے اپنی عددی اکثریت کی بدولت دونوں ایوانوں سے انتخابات بل 2017 کی شق 203 میں ترمیم منظور کرائی تھی جس کے نتیجے میں عدالت کی جانب سے نااہل قرار دیئے گئے شخص کے پارٹی سربراہ بننے کی راہ ہموار ہوئی جبکہ گزشتہ روز نااہل قرار دئیے گئے شخص کے پارٹی سربراہ بننے پر پابندی سے متعلق پیپلز پارٹی کا بل قومی اسمبلی میں کثرت رائے سے مسترد ہوگیا تھا۔