محکمہ بہبود آبادی کے حکام کی نیبرہڈ کونسل کاکول کے بلدیاتی نمائندگان کے ساتھ بحث و مباحثہ کا انعقاد

بدھ 22 نومبر 2017 13:56

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء) محکمہ بہبود آبادی ضلع ایبٹ آباد کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر ایبٹ آباد کی خصوصی ہدایت پر محکمہ بہبود آبادی کے عہدیداران نے نیبرہڈ کونسل کاکول کے بلدیاتی نمائندگان کے ساتھ بحث و مباحثہ کا انعقاد کیا۔ مباحثہ میں ویلج کونسل کاکول کے بلدیاتی نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر ایبٹ آباد نے اپنی گفتگو میں فیملی ویلیفئر سنٹر کاکول کی فیملی پلاننگ کیلئے خدمات پر تفصیلی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں میں وقفہ سے ماں اور بچہ کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، بچوں میں وقفہ نہ ہونے کے باعث ماں اور بچہ طرح طرح کی بیماریوں میں مبتلا ہو سکتے ہیں، کم وقفہ کی بدولت ماں اور بچہ کے اندر بیماریوں کے خلاف لڑنے کیلئے قوت مدافعت انتہائی کم ہوتی ہے جس سے وہ طرح طرح کی بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ وزیٹرز کو گھر گھر جا کر خواتین کے اندر اس شعور کو اجاگر کرنا ہو گا تاکہ زچہ و بچہ دونوں بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔