واپڈا ملازمین سے کرپشن اور غلط بلنگ نہ کرنے سمیت صارفین کیلئے اپنے موبائل 24 گھنٹے کھلے رکھنے کا حلف لے لیا گیا

بدھ 22 نومبر 2017 13:56

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء) صوبائی چیف پیسکو شبیر احمد جیلانی نے واپڈا ملازمین سے کرپشن اور غلط بلنگ نہ کرنے، بجلی چوری روکنے اور نئے کنکشن پندرہ روز کے اندر جاری کرنے سمیت صارفین کیلئے اپنے موبائل نمبر 24 گھنٹے کھلے رکھنے کا حلف لے لیا۔ صوبائی چیف نے فرائض سے غفلت برتنے اور حلف نامے پر پورا نہ اترنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی اور اچھی کارکردگی دکھانے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کا اعلان بھی کیا ہے۔

اس سلسلہ میں باقاعدہ طور پر واپڈا کے ملازمین سے حلف لیا گیا جس میں واپڈا ملازمین سے عہد لیا گیا کہ وہ اپنے فرائض منصبی دیانتداری کے ساتھ سرانجام دیتے ہوئے صحیح میٹر ریڈنگ پر مبنی بل جاری کریں گے، مقررہ وقت پر ریڈنگ کر کے غلط بلنگ نہیں کریں گے، بجلی چوری کو روکیں گے جبکہ نئے کنکسن 15 دنوں کے اندر جاری کریں گے، حفاظتی اقدامات کے بغیر کام نہیں کریں گے اور اپنے موبائل فون صارفین کیلئے 24 گھنٹے کھلے رکھیں گے۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز واپڈا ریسٹ ہائوس میں صوبائی چیف پیسکو شبیر احمد جیلانی نے لیا۔ تقریب میں ایس ای واپڈا قاضی طاہر، واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کے صدر جمیل اختر تنولی، سعید لودھی اور ہزارہ بھر سے واپڈا ملازمین نے شرکت کی۔ چیف ایگزیکٹو پیسکو شبیر احمد جیلانی نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا ملازمین اپنے فرائض احسن طریقہ سے ایمانداری کے ساتھ سرانجام دیںگے، اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو بونس دیا جائے گا جبکہ فرائض سے غفلت برتنے والوں کو سزائیں دی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :