غیرقانونی تجارت کے انسداد کاپہلامرکزکراچی ایئرپورٹ پرقائم

منشیات، گولابارود، جنگلی حیات اورممنوع اشیا کی اسمگلنگ روکنے میں مددملے گی،کنٹری ہیڈیوان اوڈی سی

بدھ 22 نومبر 2017 13:28

غیرقانونی تجارت کے انسداد کاپہلامرکزکراچی ایئرپورٹ پرقائم
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء) پاکستان میں تعینات یواین اوڈی سی کے کنٹری ہیڈ سیزرگیڈز نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقوام متحدہ کے زیرانتظام منشیات اور غیرقانونی تجارت کی روک تھام کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر پہلا یونٹ فعال کردیاگیاہے۔کراچی ایئرپورٹ کے ایئرکارگو کمپلیکس میں قائم کیے گئے جوائنٹ ایئرکارگو کنٹرول یونٹ کے افتتاح کے بعد میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس سینٹر کے ذریعے عالمی تجارت میں ہونے والی غیرقانونی نقل وحرکت کی نگرانی کی جاسکے گی، اے سی سی یو کانیا یونٹ اقوام متحدہ کے ڈبلیو سی او گلوبل کنٹینرکنٹرول پروگرام کے ماتحت کام کرے گا، یہ پروگرام دنیا کے 45 ممالک میں سرگرم عمل ہے، اس پروگرام کے تحت منشیات گولا بارود اسلحہ جنگلی حیات آئی پی آر اور ثقافتی ورثے کی نقل وحمل کی نگرانی کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا میں منشیات وغیرقانونی تجارت کے انسداد کا پہلا مرکز کراچی ایئرپورٹ پر قائم کیا گیا ہے، یواین کی معاونت سے قائم اس یونٹ کے ذریعے منشیات اور دیگرممنوعہ اشیا کی اسمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی، مذکورہ یونٹ میں ایکسپورٹ کنسائمنٹس کی مختلف اداروں کے ذریعے ون ونڈو آپریشن میں بھی مدد ملے گی اور سی اے اے، اے این ایف اور کسٹمز کے مشترکہ آپریشن کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا، آپریٹنگ یونٹ کے ذریعے کنسائمنٹس کی تمام تر تفصیلات ایک ہی جگہ کارروائی کیلیے دستیاب ہوں گی۔