پیپلز پارٹی کو جمہوریت کا درس دینے والے نواز شریف اپنے اداروں پر غور کریں۔ ترجمان پیپلز پارٹی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 22 نومبر 2017 12:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 نومبر 2017ء) : سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو جمہوریت کا درس دینے والے نواز شریف اپنے اداروں پر غور کریں ، انہوں نے کہا کہ ہمیں طعنہ دینے والے نواز شریف نے محترمہ بے نظیر بھٹو کو جھوٹے مقدمے میں پھنسوایا، نواز شریف میمو گیٹ میں کالا کوٹ پہن کر پی پی پی پر غداری کا ٹھپہ لگوانے گئے۔

چودھری منظور نے کہا کہ نواز شریف کو مشرف سے معافی مانگ کر بھاگ گئے تھے جس کے بعد جمہوریت کی جنگ ہم نے لڑی۔ نواز شریف نے غداری کے مقدمے کے باوجود مشرف کو باہر جانے دیا۔ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کو قربان نہیں کیا بلکہ جمہوریت کے لیے قربانیاں دیں۔ ہم نے جمہوری اصول کی بات کی، جمہوریت اور جمہوری اداروں کی لڑائی لڑی۔

(جاری ہے)

نا اہل شخص اگر پارٹی کا سربراہ رہ سکتا ہے تو چور ، ڈاکو بھی پارٹی بنا لیں گے۔

نواز شریف کو چاہئیے کہ وہ عدالتوں سے لڑنے کی بجائے عدالتوں میں اپنا مقدمہ لڑیں۔; جن کے پاس اپنے دفاع میں کچھ نہ ہو وہی لوگ دوسروں پر الزام لگاتے ہیں۔ خیال رہے کہ آج احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی آمروں کی پالیسی پر گامزن ہے لیکن پیپلز پارٹی نے بھی آمروں کے کالے قانون کی حمایت کی اس پر افسوس ہوا۔