سندھ اسمبلی میں 5قراردادیں کثرت رائے سے منظور

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 22 نومبر 2017 11:41

سندھ اسمبلی میں 5قراردادیں کثرت رائے سے منظور
 کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22نومبر۔2017ء) سندھ اسمبلی نے 5 قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کر لی ہیں۔قراردادوں کے مطابق سندھ اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ نجی اداروں میں خواتین کارکنوں کو زچگی کے لیے کم از کم 120 دن کی رخصت دی جائے۔ صوبے میں صنعتوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کی جائے‘تمام ریلوے کراسنگز پر پھاٹک لگائے جائیں‘سکھر میں گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کی جائے اور صوبے کے شہروں کے ارد گرد تجارتی زون قائم کرکے تمام بڑی مارکیٹیں وہاں منتقل کی جائیں۔

ان قرار دادوں کی منظوری کے بعد اسپیکر نے اجلاس بدھ کی صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا ہے۔قبل ازیں وقفہ سوالات کے دوران ایوان کوبتایا گیا کہ سندھ میں کل 1409 کچی آبادیاں ہیں جن میں سے 1013 کچی آبادیوں کو سندھ کچی آبادیز اتھارٹی نے نوٹیفائی کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان میں سے صرف 341 کچی آبادیوں کا جامع سروے کیا گیا ہے۔ادھر مشیر وزیر اعلیٰ برائے کچی آبادی مرتضی بلوچ نے بتایا کہ اب تک 341 کچی آبادیوں کو ریگولرائز کیا جا چکا ہے ، جن میں 40772 ہاﺅسنگ یونٹس ہیں اور اس سے 285404 افراد کو فائدہ حاصل ہوا۔ کراچی میں سب سے زیادہ 564 کچی آبادیاں ہیں۔ دوسرے نمبر پر حیدر آباد میں 417 ، میرپورخاص میں 81 ، شہید بے نظیر آباد میں 114 ، سکھر میں 91 اور لاڑکانہ میں 112 کچی آبادیاں ہیں۔

متعلقہ عنوان :