پشاور کومضر صحت اشیاء خوردونوش سے پاک کرکے دم لیںگے، طارق حسین

بدھ 22 نومبر 2017 11:34

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء) ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر پشاور طارق حسین نے کہا ہے کہ کسی کو انسانی جانوں کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دیںگے، ملاوٹ شدہ اشیاء خوردونوش کی روک تھام کیلئے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شرقی ‘ غربی ‘ کوتوالی اور پہاڑی پورہ کے علاقوں میں ملاوٹ شدہ اشیاء خوردونوش کی خرید و فروخت کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیاہے، ان علاقوں میں دودھ کی چیکنگ لیبارٹری وین کے ذریعے کی جاتی ہے، دودھ میں چکناہٹ کم ہونے کی صورت میں دکاندار کو جیل بھیج دیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گرانفروشوں کیخلاف بھی روزانہ کارروائیاں کی جارہی ہیں اورپکڑنے جانے پر بھاری جرمانے عائد کئے جاتے ہیں اوردوسری بار پکڑے جانیوالے دکانداروں کو جیل بھیج دیا جاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر سے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے وقتافوقتاآپریشن کیاجارہاہے اسی طرح گزشتہ دنوں مضر صحت گوشت فروخت کرنیوالے گروہ کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں گلی سڑی کلیجی تلف کی جاچکی ہے۔

متعلقہ عنوان :