زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے مستعفی ہوگئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 22 نومبر 2017 09:42

زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے مستعفی ہوگئے
ہرارے(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22نومبر۔2017ء) زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے نے شدید بحران کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جس کے ساتھ ہی ان کا 37 سالہ طویل حکمرانی کا دور بھی ختم ہوگیا۔فرانسیسی نشریاتی ادارے کے مطابق 93 سالہ رابرٹ موگابے کے استعفے کی خبر سنتے ہی دارالحکومت ہرارے میں عوام کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل کر جشن منایا۔

زمبابوے کی پارلیمنٹ کے اسپیکر جیکب موڈینڈا نے صدر کا استعفیٰ پڑھ کر سنایا جہاں اراکین رابرٹ موگابے کی جانب سے مہلت کو نظر انداز کیے جانے کے بعد مواخذے کے لیے جمع ہوئے تھے۔کانفرنس سینٹر کے باہرپر جشن منانے والے عوام نے خوش آمدید نیا زمبابوے کے نعرے لگائے۔اسپیکر جیکب موڈینڈا نے موگابے کا استعفیٰ پڑھا جس میں تحریر کیا تھا کہ میرے استعفے کا فیصلہ رضاکارانہ ہے جو زمبابوے کے عوام کے مفاد اور پرامن انتقال اقتدار کی خواہش پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

حکمران جماعت کے ایک عہدیدار لومور میٹیوک کا کہنا ہے کہ حال ہی میں برطرف کیے جانے والے نائب صدر ایمرسن مانینگیگوا متوقع طور پر 48 گھنٹوں کے اندر اقتدار سنبھال لیں گے جو 6 نومبر کو برطرفی کے بعد ملک سے باہر چلے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ رابرٹ موگابے روایتی انداز میں انتقال اقتدار کرسکتے ہیں تاکہ مینگیگوا ملک کی ترقی کے لیے تیزی سے کام کر پائیں۔

رابرٹ موگابے کی جانب سے استعفے کے بعد حکمران جماعت زمبابوے افریقن نیشنل یونائیٹڈ کی سینٹرل کمیٹی کی جانب سے مواخذے کی تیاریاں مینگیگوا کے متبادل صدر اور پارٹی کے سربراہ کے چناﺅ کی صورت بدل گئیں۔واضح رہے کہ زمبابوے کے لیے گزشتہ ہفتہ بڑا تاریخی گزرا جب فوج نے، صدر رابرٹ موگابے کی جانب سے اپنی 52 سالہ اہلیہ گریس کے سیاسی حریف ایمرسن منانگیگوا کو نائب صدر کے عہدے سے ہٹانے پر اقتدار کو ہاتھ میں لیتے ہوئے موگابے کو نظر بند کردیا۔

زمبابوے کے عوام نے فوج کے اس اقدام پر سڑکوں پر نکل کر جشن منایا جو 1980 میں زمبابوے کی آزادی کے بعد پہلی مرتبہ دیکھا گیا اور عوام نے ہرارے اور دیگر بڑے شہروں میں نعرے لگاتے ہوئے مارچ کیا۔ 93 سالہ رابرٹ موگابے اس وقت دنیا کے معمر ترین سربراہ ریاست تھے جو 37 سال سے اقتدار میں تھے۔رابرٹ موگابے نے 1980 میں زمبابوے کی برطانیہ سے آزادی کے بعد پہلے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا تھا جبکہ 1987 میں صدر بن گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :