سی پیک سے ملکی صنعتی معیشت بہتر بنانے میں مدد ملے گی،صنعتی زونز سے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی،وفاقی وزیر داخلہ،منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کی سی پیک کے حوالے سے ساتویں مشترکہ تعاون کمیٹی کے دو روزہ اجلاس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو

بدھ 22 نومبر 2017 00:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء) وفاقی وزیر داخلہ،منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک سے ملکی صنعتی معیشت بہتر بنانے میں مدد ملے گی،صنعتی زونز سے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی،زراعت کے لئے چین کے ساتھ ورکنگ گروپ قائم کیا ہے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں چین کے ساتھ تعاون کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔

جے سی سی میں منظوری پانے والے منصوبوں پر عمل درآمد کی منظوری بھی دی گئی ہے اورگوادر کے منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے پر اتفاق ہوا ہے،27 ارب ڈالر کے منصوبے عملدرآمد کے مرحلے میں آچکے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی پیک کے حوالے سے ساتویں مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) کے دو روزہ اجلاس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی (آج) بدھ کو گوادر میں سمندر پر پل کا افتتاح کریں گے ،آئندہ سال گوادر ایئر پورٹ کی تعمیر شروع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں سیکیورٹی اور ٹیکس کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال ہوا ہے، جے سی سی میں چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ سمیت آزاد کشمیر کے وزیراعظم اور گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ نے شرکت کی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی اڑان اڑ چکا ہے اب اسے کوئی کرش نہیں کرسکے گا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ختم نبوتؐ کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔پاکستان کے عوام اور پارلیمنٹ ختم نبوتؐ کی محافظ ہیں، انہوں نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے درپیش خطرات کا ادراک سب کو ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت طویل المدتی منصوبوں پر دستخط سے پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کے نئے زاویے کھلیں گے۔انہوں نے کہا کہ 9 صنعتی زونز کی منظوری ہوئی ہے اور چاروں صوبوں فاٹا اور گلگت بلتستان آزادکشمیر میں صنعتی زون قائم کئے جائیں گے جے سی سی نے کراچی میں سرکلر ریلوے کی بھی منظوری دی ۔

متعلقہ عنوان :