سابق وزیراعظم محمد نواز شریف آئین و قانون کی بالادستی کے نظریے پر کام کر رہے ہیں

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر مصدق ملک کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

منگل 21 نومبر 2017 22:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف آئین و قانون کی بالادستی کے نظریے پر کام کر رہے ہیں۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے جس میں وہ اپنا نظریہ عوام کے سامنے پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سیاسی جماعتوں کے مابین اتفاق رائے کے فروغ کے لیے گرینڈ ڈائیلاگ چاہتی ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے ماضی میں غلطیاں ہوئیں لیکن ہمیں ان غلطیوں کو دہرانے کی بجائے ان سے سبق سیکھتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) احتساب چاہتی ہے لیکن یہ احتساب شفاف انداز میں ہونا چاہیئے اور احتساب کے نظام میں بہتری لانے کی بھی گنجائش ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ حکومت فیض آباد میں موجود مظاہرین کے دھرنے کے خاتمے کے لیے پرامن طریقہ جاری رکھے ہوئے ہے۔