میلاد النبی ؐکے مبارک موقع پر شہر میں صفائی ستھرائی، چراغاں سمیت تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، میئر سکھر

منگل 21 نومبر 2017 22:54

سکھر۔ 21نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ میلاد النبی ؐکے مبارک موقع پر شہر میں صفائی ستھرائی، چراغاں سمیت تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی جس کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں، جاری کرد ہ اعلامیہ کیمطابق ان خیالات کا اظہارانہوں نے میلاد مصطفیٰ کمیٹی سکھر کے صدر حاجی محمد یاسین سعیدی کی رہائشگاہ کے باہر ایئرپورٹ روڈ پر میلاد النبی کے جھنڈے کی پرچم کشائی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مذید کہا کہ پوری دنیا کی طرح سکھر میں 12 ربیع الاول کو میلاد النبی شان و شوکت اور عقیدت و احترام سے منایا جائیگا۔

ماہ ربیع الاول مسلمانوں کیلئے ایک عظیم اور مبارک مہینہ جس میں محسن انسانیت حضور نبی کریم کو اللہ تعالیٰ نے مبعوث فرما کر لوگوں کو راہ ہدایت دکھائی۔

(جاری ہے)

میئر سکھر نے کہا کہ رحمت عالم ؐ کی تعلیمات ہمیں باہمی اتحاد رواداری ، مذہبی ہم آہنگی، امن و سلامتی اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں ۔اس موقع پر مولانا محمد رضوان خان، مولانا محمد غلام محمد سعیدی، مولانا اعظم سومرو، شکیل احمد صدیقی، ڈاکٹر نیاز حسینی، عمران الحق، چوہدری اظہر حسین، عبدالرشید اجمیری، رضوان بہاری، آغا تابش، ظفر اقبال ، لیاقت آرائیں، محمد سلیم سمیت دیگر لوگوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھے۔