اسٹیٹ بینک نے چھوہارے اور کھجور کے برآمد کنندگان کیلئے ایکسپورٹ ری فنانس کی مدت ایک ماہ سے بڑھا کر6 ماہ کردی

منگل 21 نومبر 2017 22:54

سکھر۔ 21نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) اسٹیٹ بینک نے ایوان صنعت و تجارت سکھر کی تجاویز منظور کرتے ہوئے چھوہارے اور کھجور کے برآمد کنندگان کیلئے ایکسپورٹ ری فنانس کی مدت ایک ماہ سے بڑھا کر6 ماہ کردی ہے جبکہ زرِ مبادلہ واپس لانے کی 30 یوم کی پابندی ختم کرتے ہوئے 90 دن کی مدت مقرر کی ہے، جاری کرد ہ اعلامیہ کیمطابق ایوانِ صنعت و تجارت سکھرکے صدر انجینئرعبدالفتا ح شیخ نے کھجور اور چھوہارے کے تاجروں کو درپیش برآمدمیں حائل مشکلات حل کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک سے رابطہ کرتے ہوئے ایوان کی جانب سے ایکسپورٹ ری فنانس کے متعلق تجاویز پیش کیں تھیں تاکہ چھوہارے اور کھجور کی برآمد میں اضافہ کیا جا سکے اور ایکسپورٹرز کو ہر ممکن سہولت میسر آئے ۔

آغا قادرداد زرعی مارکیٹ کی ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے صدرِ ایوان کی کاوشوں میں کامیابی پر اُن کا شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

صدرِ ایوان نے ایکسپورٹرز کو تاکید کی ہے کہ اسٹیٹ بینک سے حاصل ہونے والی سہولت سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے چھوہارے اور کھجور کی برآمدات بڑھانے کیلئے بھرپور کوشش کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی زرِ مبادلہ پاکستان کو حاصل ہو اور بیرونی تجارت کا توازن پاکستان کے حق میں منتقل ہو۔

اُنہوں نے زرعی پیداوار کے علاوہ دیگر سیکٹرز سے وابستہ اراکینِ ایوان کو برآمدات میں پیش آنے والی مشکلات حل کروانے کیلئے ایوان سے رابطہ کرنے کی دعوت دی۔اُنہوں نے کہا کہ سکھر ایوانِ صنعت و تجات پورے ریجن کی تاجر برادری کے مسائل حل کرنے میں کوشاں ہے اور ایوان نے تاجربرادری کے مسائل حل کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔