ملک کی آزادی اور ترقی میں پشتون قبائل کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ، رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے

بلوچستان ہو یا ملک کا کوئی اور صوبہ میں خلجی قبائل سمیت پشتون قوم سے تعلق رکھنے والے دیگر قبائل کو شناختی کارڈ جاری نہیں کئے جارہے اسی لئے لوگ احتجاج کی راہ اپنانے پر مجبور ہیں، بھوک ہڑتالی کیمپ کے دورے کے موقع پر گفتگو

منگل 21 نومبر 2017 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2017ء) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے نے کہا ہے کہ ملک کی آزادی اور ترقی میں پشتون قبائل کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ، ایک طرف بھارت سمیت مختلف ممالک سے آنے والے کو نہ صرف شہریت دی گئی بلکہ انہیں شناختی کارڈز کا اجراء کرکے اعلیٰ سول اور دیگر عہدوں پر تعینات کردیا گیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خلجی قومی اتحاد کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے لگائے گئے تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ کے دورے کے موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کیا ۔ا نہوں نے کہا کہ اس وقت بھی پشتون وسائل سے پنجاب سمیت دیگر صوبوں کے لوگوں کے مستفید ہورہے ہیں بلکہ پشتونوں نے ملک کی آزادی اورترقی میں جو کردار اداکیا ہے اسے فراموش نہیں کیا جاسکتا لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ ابھی تک پشتون قوم کو اس کے جائز حقوق نہیں ملے جس میں سب سے بنیادی انہیں شناختی کارڈز کا اجراء ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بلوچستان ہو یا ملک کا کوئی اور صوبہ میں خلجی قبائل سمیت پشتون قوم سے تعلق رکھنے والے دیگر قبائل کو شناختی کارڈ جاری نہیں کئے جارہے اسی لئے لوگ احتجاج کی راہ اپنانے پر مجبور ہیں ۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی خلجی قومی اتحاد کی جانب سے لگائے گئے تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔ پشتونخوا میپ نے شناختی کارڈز سمیت دیگر قومی دستاویزات کی بندش کے خلاف نہ صرف پہلے احتجاج کیا ہے بلکہ اب بھی ہم سراپا احتجاج ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملکی آئین میں شہریوں کے حقوق واضح ہیں مگر پشتونوں کو آئین کے تحت حقوق میسر نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 1993 ء میں پاکستان پیپلزپارٹی کی دور حکومت میں سابق وزیراعظم پاکستان محترمہ بے نظیر بھٹو نے سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی موجودگی میں پشتونوں کے شناختی کارڈز بلاک کرنے کا فیصلہ کیا بلکہ اس سلسلے میں ابھی تک پشتون قوم کو مشکلات کا سامنا ہے ۔

انہوں نے نواب سلمان خلجی کو تادم مرگ بھوک ہڑتال ختم کرکے علامتی بھوک ہڑتال کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر کیمپ کے شرکاء نے رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے سے مطالبہ کیا کہ لوکل سرٹیفکیٹس سمیت دیگر کے حوالے سے تشکیل دی جانے والی کمیٹی میں تمام قبائل سے تعلق رکھنے والے افراد کو نمائندگی دی جانی چاہیے اور شناختی کارڈز اور لوکل سرٹیفکیشن کی بلا ک کرنے کے عمل کا سلسلہ فوری طور پر روکنے کے حوالے سے وہ کردار ادا کریں ۔