محمد نواز شریف کو مائنس کرنے کا خواب دیکھنے والے خود مائنس ہو گئے اور اپوزیشن کے اکثریت کے دعویٰ دھرے کے دھرے رہ گئے،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری

منگل 21 نومبر 2017 22:48

محمد نواز شریف کو مائنس کرنے کا خواب دیکھنے والے خود مائنس ہو گئے اور ..
کو ئٹہ 21نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے قومی اسمبلی سے الیکشن 2017 ترمیمی بل کثرت رائے سے مسترد ہونے پر مسرت و اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کو مائنس کرنے کا خواب دیکھنے والے خود مائنس ہو گئے اور اپوزیشن کے اکثریت کے دعویٰ دھرے کے دھرے رہ گئے، اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ محمد نواز شریف کل بھی عوام کے قائد تھے آج بھی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے، انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے بل مسترد کر کے سیاسی بالغ نظری کا مظاہرہ کیا جو جمہوریت کی کامیابی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترمیمی بل اپوزیشن کے لیے ایک ٹیسٹ کیس تھا جس میں وہ بری طرح فیل ہو گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف صورتحال کا جس دانشمندی ، بصیرت ، جرات اور بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں، اس سے عوام کے دلوں میں ان کی عزت اور توقیر میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، مسلم لیگ(ن) کے صدر کی حیثیت سے ملک و قوم اور پارٹی کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف عوامی سطح پر کیا جا رہا ہے، جبکہ قومی اسمبلی نے بھی بل مسترد کر کے ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔