قومی اسمبلی میں الیکشن ترمیمی بل 2017پر حکومتی اتحادی جماعتوں نے بھی حکومت کا ساتھ نہ دیا

جے یو آئی (ف) کے 6ارکان ایوان میں آئے مگر صرف 2نے رائے شماری میں حصہ لیا،پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے دونوں ارکان ،مسلم لیگ (ن) کے 22ارکان اوراعجاز الحق غیرحاضر رہے، 4 وفاقی وزراء جن میں خواجہ آصف،مرتضیٰ جتوئی، صدرالدین راشدی اور احسن اقبال نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا

منگل 21 نومبر 2017 22:37

قومی اسمبلی میں الیکشن ترمیمی بل 2017پر حکومتی اتحادی جماعتوں نے بھی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2017ء) قومی اسمبلی میں الیکشن ترمیمی بل 2017پر حکومتی اتحادی جماعتوں نے بھی حکومت کا ساتھ نہ دیا، جے یو آئی (ف) کے 6ارکان ایوان میں آئے مگر صرف 2نے رائے شماری میں حصہ لیا ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے دونوں ارکان غیر حاضر رہے،مسلم لیگ (ن) کے 22ارکان غیرحاضر رہے،4وفاقی وزراء جن میں خواجہ آصف،مرتضیٰ جتوئی، صدرالدین راشدی اور احسن اقبال نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں انتخابات ترمیمی بل 2017کو مسترد کرانے میں حکومت کامیاب ہو گئی، مگر حکومتی ارکان سمیت اتحادی جماعتوں نے بھی حکومت کا مکمل ساتھ نہ دیا، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی نے حکومت کی مخالفت میں ووٹ دیا، دوسری جانب جے یو آئی (ف) کے سربراہ فضل الرحمان نے بھی ایوان میں آنے کی زحمت نہ کی اور جے یو آئی (ف) کے پارلیمنٹ میں موجود 6ارکان میں سے صرف وفاقی وزیر ہائوسنگ اکرم خان درانی اور ایک خاتون رکن نے رائے شماری میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

اتحادی جماعت پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے دونوں ارکان بھی ایوان میں غیر حاضر رہے، مسلم لیگ (ضیائ)کے سربراہ اعجاز الحق نے بھی اجلاس میں شرکت نہ کی۔ دوسری جانب بیٹی کی شادی میں مصروف وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف سمیت مرتضیٰ جتوئی اور صدرالدین راشدی بھی ایوان میں نہ آئے جبکہ وزیر داخلہ احسن اقبال نے جے سی سی اجلاس کی وجہ سے رائے شماری میں حصہ نہ لیا۔ مشرف لیگ کے گلگت سے رکن قومی اسمبلی افتخار الدین نے بھی حکومت کے حق میں ووٹ دیا،نیشنل پارٹی کے کمال خان رائے شماری میں حصہ نہ لیا،اپوزیشن میں شامل پیپلز پارٹی کے 40،تحریک انصاف کے 29، ایم کیو ایم کے 19،جماعت اسلامی کی4، اے این پی کا1، قومی وطن پارٹی کا1 اور مسلم لیگ کے 2ارکان نے اجلاس میں شرکت کی۔