حکومت پنجاب سٹیٹ بنک آف پاکستان کے اشتراک سے صوبائی سطح پر تمام سرکاری وصولیوں کے لیے آن لائن سسٹم متعارف کروا ئے گی، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا

منگل 21 نومبر 2017 22:35

لاہور۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) حکومت پنجاب سٹیٹ بنک آف پاکستان کے اشتراک سے صوبائی سطح پر تمام سرکاری وصولیوں کے لیے آن لائن سسٹم متعارف کروا رہی ہے جس کے تحت ہر طرح کے ٹیکس اور فیسوں جن میں پنجاب ریونیو اتھارٹی ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، بورڈ آف ریونیوکے تحت وصول کیے جانے والے ٹیکس ،چالان، لائسنس ، ڈومیسائل اور مختلف رجسٹریشنز فیسیں شامل ہیں ، کی ادائیگی ایک ایپلیکیشن کے ذریعے ممکن ہو گی، ایپلیکیشن کا آغاز رواں سال کے اختتام تک کر دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے نیو منسٹر بلاک میں سٹیٹ بنک آف پاکستان، محکمہ خزانہ پنجاب ،کنٹرولر جنرل آف اکائونٹس گورنمنٹ آف پاکستان، اکائونٹینٹ جنرل پنجاب اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بنک آف پاکستان کے ڈائریکٹر فنانس سلیم اللہ نے اجلاس کو سسٹم کی تفصیلات سے آگاہ کیا او ر پنجاب کے تمام اضلاع سے بیک وقت اجراء کے لیے مجوزہ لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ سسٹم کے تحت کریڈٹ کارڈ، ڈیبیٹ کارڈ اور آن لائن ادائیگی ممکن ہو گی۔ اس مقصد کے لیے ابتدائی طور پر بنک آف پنجاب اور نیشنل بنک کی خدمات حاصل کی جائیں گی بعد ازاں دیگر بنکوں کے ساتھ بھی معاہدے کیے جائیں گے۔ ڈائریکٹرپنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے اجلاس کو ایپ کی تفصیلات اور مشتملات سے آگاہ کیا۔

انھوں نے شرکاء کو بتایا کہ اپلیکیشن کے ذریعے تمام ادائیگیوں کے لیے قومی شناختی کارڈ نمبر استعمال ہو گا۔ شناختی کارڈ نمبر کے اینٹر ہوتے ہی متعلقہ شہری پر مختلف محکموں کی جانب سے تمام واجب الاداٹیکسوں /فیسوں کی تفصیل سکرین پر ظاہر ہو جائے گی جس کے ساتھ متعلقہ محکمہ کی جانب سے جاری کردہ PSIDنمبر بھی درج ہو گا ۔ شہری کو جاری شدہPSIDکے تحت آن لائن ادائیگی کی سہولت مہیا کی جائے گی اس مقصد کے لیے ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی ۔

سپیشل سیکرٹری فنانس سیف اللہ ڈوگر نے اجلاس کو بتایا کہ اس تمام نظام میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ محکمہ خزانہ کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گا جبکہ دیگر امور کی انجام دہی کے لیے محکمہ خزانہ میں ایک مکمل یونٹ قائم کیاجائے گا۔ صوبائی وزیر خزانہ نے محکمہ فنانس کو ہدایت کی کے وہ سٹیٹ بنک اور پنجاب آئی ٹی بورڈ کے ساتھ معاملات طے کر کے اس منصوبہ کو ٹائم لائن کے اندر قابل عمل بنائیں اور شہریوں کی آسانی کے لیے پہلے سے رائج سسٹم کو ایک دم سے ختم نہ کیا جائے بلکہ ابتدائی طور پر آن لائن سسٹم کو مروجہ نظام کے متوازی چلایا جائے۔

صوبائی وزیر نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت پنجاب ہر طرح کے محصولات اور فیسوں کی آن لائن وصولیوں کے نظام کے علاوہ کاروبار میں آسانی کے لیے بزنس پورٹل بھی متعارف کروا رہی ہے جس میں کاروباری حضرات اور سرمایہ کاروں کوبزنس کی رجسٹریشن سے لیکر متعلقہ ٹرانسیکشنز اور ٹیکسوں کی ادائیگی کی سہولت میّسر ہوگی۔