قومی ٹی ٹونٹی کپ، صعیب مقصود کی 87 رنز کی طوفانی اننگز، فیصل آباد نے راولپنڈی ریمز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری کامیابی حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 194 رنز کا ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر 5 وکٹوں پر پورا کیا،

خرم شہزاد کے ناقابل شکست 52 رنز، عمر امین اور زین عباس کی نصف سنچریاں رائیگاں، صعیب مقصود میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

منگل 21 نومبر 2017 22:31

قومی ٹی ٹونٹی کپ، صعیب مقصود کی 87 رنز کی طوفانی اننگز، فیصل آباد نے ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے کے زیر اہتمام راولپنڈی سٹیڈیم میں جاری قومی ٹی ٹونٹی کپ میں صعیب مقصود کی 87 رنز کی طوفانی اننگز کی بدولت فیصل آباد نے راولپنڈی ریمز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری کامیابی حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 194 رنز کا ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر 5 وکٹوں پر پورا کیا، خرم شہزاد نے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر راولپنڈی ریمز کی جیت کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا، عمر امین اور زین عباس کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں، صعیب مقصود میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

منگل کو کھیلے گئے ٹی ٹونٹی کپ کے 22 ویں میچ میں راولپنڈی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، کپتان عمر امین اور زین عباس نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا، عمر امین 67 اور زین 62 رنز بنا کر نمایاں رہے، سہیل تنویر 32 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، تاج ولی، اسد رضا اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں فیصل آباد نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر 5 وکٹوں پر حاصل کیا، 32 کے سکور پر ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد صعیب مقصود نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی، انہوں نے 43 گیندوں پر 6 چھکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 87 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور 108 تک پہنچا دیا، اس موقع پر عدنان نے صعیب مقصود کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، گوہر علی اور آصف علی کا بلا بھی نہ چلا، گوہر 13 اور آصف 14 رنز بنا کر چلتے بنے، اس موقع پر خرم شہزاد اور فہیم اشرف نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے 78 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، خرم شہزاد 52 اور فہیم اشرف 26 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، عدنان غوث اور شاداب خان نے دو، دو اور محمد عرفان فور نے ایک وکٹ لی۔

متعلقہ عنوان :