نوشہرہ پولیس لائن میں کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب کاانعقاد

منگل 21 نومبر 2017 22:30

نوشہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) پولیس لائن نوشہر ہ میں کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں تبدیل ہونے والے ڈی پی اوکیپٹن (ر)واحدمحمود (پی ایس پی)اور کمان لینے والے نئے ڈی پی او قاسم علی خان کو پولیس کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ڈی پی ائو کیپٹن(ر)واحدمحمود(پی ایس پی)نے ضلعی پولیس سربراہ قاسم علی خان کو پولیس فورس کے کمان کی پروفیشنل روایتی چھڑی (سٹک)پیش کی۔

اس موقع پر ایس پی انوسٹی گیشن ثناء اللہ خان ، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز کیڈٹ شہنشاہ گوہر خان ، سرکل ایس ڈی پی اوز عدنان اعظم خان ،لقمان خان ،نسیم خان ،آر ائی انسپکٹر بشیر خان ، ریڈر ڈی پی او اے ایس ائی حاجی طاہر خان،ترجمان نوشہرہ پولیس محمد فہیم خان ، لائن آفیسر راضی خان اور دوسرے پولیس افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلعی پولیس سربراہ ایس ایس پی قاسم علی خان نے ڈی پی او واحد محمودکی جانب سے ضلع نوشہرہ میںامن وامان کے قیام اور جرائم کے انسداد اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کئے جانے والے ٹھوس اور بھر پور اقدامات کے تسلسل کو جاری رکھنے کا اعادہ کرتے ہوئے اُن کی کمانڈ اینڈ کنٹرول کرنے کی صلاحیتوں ،عوام دوست پولیسنگ اور عوام الناس کو سہولیات فراہم کرنے کے انقلابی اقدامات اور پالیسیوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کی اور کہا کہ نوشہرہ میں جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں ۔

جرائم پیشہ عناصر توبہ تائب ہو جائے یا قانون کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔ ایس ایس پی قاسم علی خان نے اُمید ظاہر کی کہ نوشہرہ پولیس ایک ٹیم ورک کی طرح اُسی طریقے سے کام کرتے ہوئے امن وامان کے قیام ،جرائم کا انسداد ،نیشنل ایکشن پلان میں پیش رفت اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں اپنا کردار بھر پور طریقے سے ادا کریگی۔

متعلقہ عنوان :