ملاکنڈتھری ہائیڈرو پاور پلانٹ کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے،سردار حسین بابک کا مطالبہ

منگل 21 نومبر 2017 22:24

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2017ء)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نجکاری کے عمل کی حوصلہ شکنی کر کے ملاکنڈتھری ہائیڈرو پاور پلانٹ کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے، بروز منگل انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ 81میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والا بجلی گھر ماہانہ20کروڑ روپے آمدن دے رہا ہے جبکہ اب تک صوبے کو 20 ارب سے زائد کا ریونیو دے چکا ہے ، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے غلط حکمت عملی اور پیڈو کی عدم توجہی کی وجہ سے یہ بجلی گھر ابھی تک اپنا پیداواری ہدف حاصل نہیں کر سکا ،انہوں نے کہا کہ پیڈو ہی کی عدم دلچسپی کے باعث یہ بڑا بجلی گھر محکمہ کی بجائے ٹھیکیدار کے ذریعے چلایا جا رہا ہے جو انتہائی افسوسناک پہلو ہے،اور یہی وجہ ہے کہ پاور پلانٹ کی مشینری کا معیار اور کارکردگی پر برا اثر پڑا ہے، سردار حسین بابک نے کہا کہ ٹھیکیدار پلانٹ کی مناسب دیکھ بھال اور مرمت نہیں کر پا رہا جس کی وجہ سے پیداوار میں اضافے کی بجائے کمی واقع ہو رہی ہے اور اس بڑے بجلی گھر کی سالانہ مرمت پانچ سال کیلئے تقریباً 72کروڑ روپے کا ٹھیکہ دی اگیا ہے تاہم محکمہ اگر خود اس پاور پلانٹ کو چلائے تو50فیصد کم اخراجات سے بہترین پیداواری صلاحیت اور مشینری کی مرمت ہو سکتی ہے ، انہوں نے کہا کہ اس پاور پلانٹ میں 230کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کر کے ان کی پیشہ ورانہ مہارت سے نہ صرف استفادہ کیا جا سکتا ہے بلکہ صوبے میں موجود دیگر اور نئے بننے والے بجلی منصوبوں میں بھی کام لیا جا سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ بجلی پیداوار ہمارے صوبے کا بڑا اور مستقل ذریعہ آمدن ہے لیکن بدقسمتی سے حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث نہ صرف پیداوار میں کمی آئی ہے بلکہ پلانٹ کی مشینری بری طرح متاثر ہو رہی ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور نجکاری کے عمل کو ترک کر کے پیڈو کے ذریعے اس پیداواری عمل کو آگے بڑھائے تا کہ آئندہ کیلئے صوبہ اپنے پاؤں پر کھرا ہو سکے اور پیداوار و آمدن میں اضافہ سے صوبہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔