سالانہ صدارتی اقبال ایوارڈز کے اجراکا سلسلہ فوری طور پربحال کیا جائے

وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی کا اجلاس سے خطاب

منگل 21 نومبر 2017 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2017ء) وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن اور اقبال اکادمی کو ہدایت جاری کی ہے کہ سالانہ صدارتی اقبال ایوارڈز کے اجراکا سلسلہ فوری طور پربحال کیا جائے۔ یہ ہدایت اقبال اکادمی کے پچاسویں گورننگ بورڈ کے اجلاس میں جاری کی گئی جو مشیر وزیر ا عظم عرفان صدیقی کے زیر صدارت منگل کو قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں منعقد ہوا۔

مشیر وزیراعظم نے صدارتی اقبال ایوارڈ کا پانچ سال سے رکا ہوا عمل فی الفورشروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد پیدا ہونے والی ضابطہ جاتی رکاوٹوں کو دور کرکے ایوارڈز کا جلد ازجلد اجراممکن بنایاجائے۔ اجلاس میں علامہ اقبال کے حوالے سے قومی کانفرنس کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیاگیا جس میں پورے ملک سے اہل علم شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

مجوزہ کانفرنس کے لئے آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ۔ اجلاس میں لاہور میںمیکلوڈ روڈ پر واقع علامہ اقبال کی رہائش گاہ کی تزئین وآرائش کے لئے ضابطہ کی کاروائی مستعدی سے نمٹانے اور اس ضمن میں پنجاب حکومت سے رابطہ کی بھی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر اقبال اکادمی کے تقرر کے لئے ایک ہفتے کے اندر طے شدہ ضابطہ کے تحت اقدامات کی بھی اتفاق رائے سے منظوری دی گئی۔

اجلاس نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ ملازمین کی پینشن اور دیگر مراعات عدالت عظمی کے واضح حکم اور وزارت قانون کی قانونی رائے کی روشنی میں بلاتاخیر ادا کی جائیں اور اس ضمن میں قانونی اور قواعد سے متعلقہ کوئی سقم ہیں، تو ان کو دور کیاجائے۔ مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی نے کہاکہ فکر اقبال کی ترویج واشاعت عصر حاضرکا اہم تقاضا ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ نوجوان نسل اور عوام تک اقبال کے پیغام کو اس کی روح کے ساتھ پہنچانے کو یقینی بنائیں۔

اس مقصد کے لئے اقبال اکادمی اور اس سے وابستہ شخصیات کا نہایت اہم کردار ہے۔ اجلاس نے اس مالی سال میں علامہ اقبال پر 45کتب کی اشاعت کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں وفاقی سیکریٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن، جوائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق، اقبال اکادمی کے نائب صدر منیب اقبال کے علاوہ گورننگ باڈی کے دیگر ارکان، قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن اور اقبال اکادمی کے حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :