این ای ڈی یونیورسٹی میں جمعیت کے تحت کتب میلے کا انعقاد

انتظامیہ کے تعاون کے بغیر کتب میلے کا انعقاد کرنا لا ئق تحسین ہے ،شہلا رضا

منگل 21 نومبر 2017 21:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2017ء) این ای ڈی یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت ایجوکیشن فیسٹا اور کتب میلے کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا اور امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کیا ۔کتب میلے میں ہزاروں طلبا و طالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔

میلے میں مختلف کمپنیوں کے اسٹالز اور طلبہ کی تفریح اور کھانے پینے کے اسٹالزبھی لگائے گئے ہیں ۔اس موقع پر شہلا رضا نے کہا کہ تعمیری سرگرمیوں میں جمعیت ہمیشہ آگے رہی ہے ، اور اس طرح کے کتب میلوں کے ذریعے جمعیت نے طلبہ کو فوائد پہنچانے کی کو شش ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ یو نین وقت کی ضرورت ہے، میں امید کرتی ہوں کہ جامعات طلبہ یونین کے اتخابات جلد کرائیں گی ۔

(جاری ہے)

تاکہ طلبہ یونین سازی کے ذریعے اپنی قیادت خود منتخب کرسکیں اور مسائل بھی حل کر سکیں۔ میں کامیاب کتب میلے کے انعقاد پر اسلامی جمعیت طلبہ کو مبارکباد پیش کرتی ہوں ۔مگر مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ این ای ڈی کی انتظامیہ ان طالب علموں کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کرتی ۔مگر پھر بھی جمعیت کا یہ اقدام لائق تحسین ہے ۔اس موقع پر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ جمعیت نے ہمیشہ کتاب دوست اور علم دوست تنظیم ہونے کا ثبوت دیا ہے اور ہمیشہ اس ملک کو نئی نئی روایتیں دی ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ جمعیت سے ہر سال ہزاروں طلبہ مستفید ہو تے ہیں ۔ طلبہ کے مسائل حل کرنے میں جمعیت نے ہمیشہ بازی جیتی ہے ۔اگر کسی کو یقین نہیں آتا تو وہ این ای ڈی یو نیورسٹی آکر جمعیت کا یہ کتب میلہ دیکھ لے ۔

متعلقہ عنوان :