نواز شریف (کل) لاہور سے اسلام آباد پہنچیں گے ،پنجاب ہائوس میں پارٹی کے سینئر رہنمائوں کا اہم اجلاس بھی طلب کرلیا قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے بل کی ناکامی اور مسلم لیگ (ن) کی اہم کامیابی، نواز شریف کی رابطہ عوام مہم سمیت دیگر اہم امور پر مشاورت کی جائے گی

منگل 21 نومبر 2017 21:13

نواز شریف (کل) لاہور سے اسلام آباد پہنچیں گے ،پنجاب ہائوس میں پارٹی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2017ء) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف (کل) بدھ کو لاہور سے اسلام آباد پہنچیں گے، انہوں نے پنجاب ہائوس میں پارٹی کے سینئر رہنمائوں کا ایک اہم اجلاس بھی طلب کرلیا ہے جس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے بل کی ناکامی اور مسلم لیگ (ن) کی اہم کامیابی نواز شریف کی رابطہ عوام مہم سمیت دیگر اہم امور پر مشاورت کی جائے گی،اس اجلاس میں نواز شریف کے 2دسمبر کو کوئٹہ میں ہونے والے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے بھی مختلف امور زیر غور آئیں گے اور 2دسمبر کے جلسے سے قبل وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نواز شریف سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جلسے کی کامیابی کیلئے محمود خان اچکزئی اور نیشنل پارٹی کے میر حاصل خان بزنجو کے ساتھ بھی مشاورت کریں گے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء سابق وزیراعظم نواز شریف 2دسمبر کے بعد ایک ہفتے کیلئے لندن جائیں گے، اس ضمن میں مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف 2 دسمبر کے بعد ایک ہفتے کے دورے پر لندن جائیں گے جہاں وہ اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کریں گے اور ان کی لندن واپسی کے بعد ملتان، شیخوپورہ، وزیرآباد اور دیگر شہروں میں جلسوں کے پروگراموں کو حتمی شکل دی جائے گی۔