وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا اسموگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کو خط ،مشترکہ کوششوں کی پیشکش

منگل 21 نومبر 2017 20:36

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا اسموگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے بھارتی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اسموگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کو خط لکھ دیا جس میں اس ضمن میں مشترکہ کوششوں کی پیشکش کی گئی ہے۔ میڈیارپورٹس مطابق شہباز شریف کی جانب سے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ کو لکھے گئے خط میں اسموگ کا مسئلہ اٹھایا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے موقف اختیار کیا کہ اسموگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے دونوں صوبوں کے حکام کو مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی اور روایتی طریقوں کے بجائے سائنسی اور جدید بنیادوں پر اقدامات اٹھانے ہوں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہر سال اکتوبر اور نومبر کے مہینے میں پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں کے عوام کو اسموگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس سے خاص طور پر بچوں اور بوڑھوں کی صحت متاثر ہوتی ہے، فصلوں پر منفی اثرات پڑتے ہیں اور ٹریفک حادثات بھی رونما ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسموگ کی اہم وجہ گاڑیوں اور صنعتوں سے خارج ہونے والے دھویں کے ساتھ ساتھ کھیتوں میں دھان کی فصل کی باقیات جلانا بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستانی و بھارتی پنجاب کے لوگ باہمی تعاون اور کوششوں سے کوئی ایسا طریقہ یا جدید ٹیکنالوجی کی نشاندہی کریں جس کے استعمال سے دھان کو جلانے کی ضرورت باقی نہ رہے اور خطے میں اسموگ کو قابو کیا جاسکے۔

شہباز شریف نے اپنے بھارتی ہم منصب کو پیشکش کی کہ وہ اس سلسلے میں کی جانے والی علاقائی کوششوں کا حصہ بنیں تاکہ دونوں صوبوں کے لوگوں کا مستقبل بہتر بنایا جاسکے۔ماہرین ماحولیات کے مطابق دھویں کے ساتھ جب گرد اور خطرناک گیسوں کی آمیزش ہو جائے تو دھند اسموگ میں بدل جاتی ہے اور اس کے نتائج سانس کی بیماریوں اور آنکھوں کی جلن کی صورت میں سامنے آتے ہیں۔

محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ اسموگ کے حالیہ سلسلے میں ابھی مزید اضافہ ہو گا جس کی بینادی وجوہات فصلوں کی باقیات اور گھروں کے کچرے کو جلانا، فیکڑیوں اور کارخانوں میں غیر میعاری ایندھن کا استعمال اور چمنیوں میں دھویں کی آلودگی کو کم کرنے کے لیے فلٹر نہ لگانا ہے۔ماہرین کے مطابق اسموگ کا مسئلہ آنے والے سالوں میں بڑا چیلنج بن سکتا ہے اور اس سے بچاؤ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر فضائی آلودگی میں کمی سے ہی ممکن ہے۔