پدماوتی تنازعہ: دپیکا کا ایوانکا ٹرمپ کے دورہ بھارت پر کانفرنس میں شرکت سے انکار

منگل 21 نومبر 2017 20:50

پدماوتی تنازعہ: دپیکا کا ایوانکا ٹرمپ کے دورہ بھارت پر کانفرنس میں ..
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 نومبر2017ء) ایک طرف بالی وڈ فلم 'پدماوتی' کے خلاف انتہا پسند ہندوؤں کا احتجاج جاری ہے، وہیں فلم کی ہیروئن دپیکا پڈوکون نے امریکی دختر اول ایوانکا ٹرمپ کے دورہ بھارت کے دوران گلوبل انٹرپرینورشپ سمٹ (جی ای ایس) میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق ریاست تلنگانہ کے ایک سینئر حکومتی عہدیدار نے بتایا کہ دپیکا نے ایونٹ کے شرکائ میں سے اپنا نام واپس لے لیا ہے، تاہم اس کی وجہ نہیں بتائی گئی۔

واضح رہے کہ فلم 'پدماوتی' کے حوالے سے تنازع کھڑا ہونے سے قبل اداکارہ نے کانفرنس میں شرکت کی ہامی بھری تھی۔یہ کانفرنس رواں ماہ 28 نومبر کو ہوگی جس میں ایوانکا ٹرمپ کے ساتھ ساتھ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

دپیکا نے سمٹ کے دوران ایک سیشن بعنوان 'ہالی وڈ سے نولی وڈ سے بولی وڈ: فلمسازی کا سفر' میں بطور اسپیکر شرکت کرنی تھی۔

ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوتی‘ شوٹنگ سے ہی تنازعات کا شکار ہے، جس پر بھارتی ریاست راجھستان میں سرگرم تنظیم شری راجپوت کرنی سینا نے تاریخی حقائق مسخ کرکے پیش کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔بعدازاں انتہا پسندوں کی جانب سے فلم کی ہیروئن دپیکا پڈوکون کی ناک کاٹنے کا اعلان کیا گیا اور پھر انتہا پسند لیڈر ٹھاکر ابھیشیک سوم نے دپیکا اور سنجے لیلا بھنسالی کے سر کی قیمت بھی 5 کروڑ مقرر کردی۔

دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی اور بجرنگ دل کی حمایت کے بعد انتہا پسندوں نے اداکاروں کے حق میں بیان دینے والوں کو بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ان تمام تنازعات کے بعد فلم ’پدماوتی‘ کی یکم دسمبر کو ہونے والی نمائش ملتوی کردی گئی، لیکن بھارتی انتہا پسند ہندوؤں کا غصہ کم نہ ہوا اور ریاست ہریانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے چیف میڈیا کوآرڈینیٹر سورج پال امو نے اداکارہ دپیکا پڈوکون اور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کا سر قلم کرنے والے کو 10 کروڑ روپے دینے کا اعلان کر دیا۔اور صرف یہی نہیں، فلم میں مسلمان حکمران علاؤ الدین خلجی کا کردار ادا کرنے پر رنویر سنگھ کی ٹانگیں توڑنے کی دھمکی بھی دے ڈالی۔۔

متعلقہ عنوان :