حیدرآباد، سی بی اے یونین کا ملازمین سے حلف برداری کرانا نیک نیتی اور ادارے سے محبت کا عملی ثبوت ہے،رحم علی اوٹھو

منگل 21 نومبر 2017 20:37

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 نومبر2017ء) حیسکو میں چوری ، کرپشن ، غلط بلنگ کے خاتمے ، صارفین بجلی سے خوش اخلاقی اور انکے جائز مسئلوں کو حل کرنے ، ملک کے سب سے بڑا مفاد عامہ کے ادارے محکمہ بجلی کی درست خطوط پر روانی اور اسکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار کرنے کیلئے سی بی اے یونین کا ملازمین سے حلف برداری کرانا نیک نیتی اور ادارے سے محبت کا عملی ثبوت ہے حیسکو انتظامیہ بھی اس احسن اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے یونین اور ملازمین کے شانہ بشانہ ہوگی کیونکہ ادارے کی ترقی میں ہی ہم سب کی ترقی ہے۔

ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو رحم علی اوٹھو اور صدر یونین عبداللطیف نظامانی نے مہران آرٹس کونسل حیدرآباد کے آڈیٹوریم میں حیسکو ملازمین کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حیسکو کے دیگر افسران جنرل منیجر (آپریشن) محمودخان، سعید احمد ڈائوچ ،لونگ خان جاکھرانی، فہیم میمن، جبکہ سی بی اے یونین کے نمائندگان میں صوبائی سیکریٹری محمد اقبال قائمخانی ، اقبال احمد خان، ملک سلطان علی، اعظم خان ، محمد حنیف خان، رفیع الدین شاہ، عبدالمناف نظامانی ، عبدالوحید پٹھان، اور رائو سعید احمد بھی موجود تھے۔

چیف ایگزیکٹو حیسکو رحم علی اوٹھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ گذشتہ دنوں حیسکو انتظامیہ نے بھی اپنے تمام افسران سے اوور ریڈنگ، چوری کرپشن کے خاتمے صارفین سے خوش اخلاقی، ایمانداری اور ادارے کی ترقی کے حوالے سے حلف لیا ہے آج سی بی اے یونین نے بھی اس مثبت سوچ کو عملی جامع پہناکر ادارے سے محبت اور ترقی میں اپنے کردار کا احاطہ کردیا ہے ۔

واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین سی بی اے کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے ہزاروں ملازمین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونین ادارے اور ملازمین کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے جو ملازمین کے جائز مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنا احسن کردار ادا کرتی ہے۔ ہمارا ادارہ حیسکو جو چوری ، کرپشن ،عدم تحفظ، بے جاسیاسی اثر و رسوخ کے باعث مسلسل مسائل کا شکار ہے اگر اب بھی ہم سب نے مل کر ادارے کو اپنے پیروں پر کھڑا نہ کیا تو ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ نہ پھر ادارہ ہوگا اور نہ ہم سب ، انہوں نے مزید کہا حکومت نے محکمہ بجلی میں اصلاحات لانے کیلئے قومی اسمبلی میں ایک بل پیش کیا ہے جسکے مطابق غلط اور اوور ریڈنگ اور کرپشن میں مبتلہ ملازم خواہ آفیسر ہویا کارکن تین سال سزا کا مستحق ہوگا اور انکوائری کی تکمیل پر اسکو نوکری سے فارغ کردیا جائیگا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں پہلے بھی کئی قوانین موجود ہیں ہم قانون کے خلاف نہیں لیکن انکے درست اطلاق کا نہ ہونا اور اسے اپنے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنا ہماری روایت رہی ہے۔ جسکی ہم کسی طور اجازت نہیں دینگے اسکے ساتھ ساتھ ہمیں لائن اور میٹرنگ اسٹاف کے مسائل کو بھی حل کرنا ہوگا 100% موبائل بلنگ / ریکوری کیلئے ضروری ہے خراب میٹروں کو نئے میٹروں سے تبدیل ، اونچائی اور خطرناک جگہوں پر لگے میٹروں کو آئی لیول پر لگانا، میٹرنگ اسٹاف کی کمی کو یارڈ اسٹک کے مطابق پورا کیا جائے تاکہ کا م کا بے جا دبائو کم ہوسکے، چوری اور کرپشن کے خاتمے کیلئے ملازمین کو تحفظ اور ریواڈ دیا جائے۔

تقریب سے حیسکو افسران محمود خان ،سعید احمد ڈائوچ اور صوبائی سیکریٹری محمد اقبال قائمخانی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب حلف برداری میں پورے حیسکو ریجن ٹھٹھہ ، بدین ، ٹنڈو الہیار، ٹنڈو محمد خان، جامشورو، میرپور خاص، عمر کوٹ، سانگھڑ، نوابشاہ، مٹیاری ، اور حیدرآباد سمیت تمام اضلاع کے عہدیداران سے تھا شریک ہوئے اورادارے سے وفاداری کا حلف اٹھایا۔