2018 کے انتخابات میں 50 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کودینگے، سینیٹر سراج الحق

منگل 21 نومبر 2017 20:32

2018 کے انتخابات میں 50 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کودینگے، سینیٹر سراج الحق
کوئٹہ۔ 21نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ 2018 کے انتخابات میں 50 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کودینگے، ملک وقوم کامستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، بلوچ اورپشتون اقوام بلوچستان کی دوآنکھیں ہیں، تعلیم کے ذریعے ہم ملک کوترقی دے سکتے ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوںنے منگل کو جماعت اسلامی یوتھ کی حلف برادری کی مناسبت سے کوئٹہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی ،جمیل احمد مشوانی سمیت دیگررہنماء بھی موجودتھے ۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی کی بات کرتی ہے، بے گناہ محنت کشوں کے قتل کی مذمت کرتے ہیں، حکومت ملک کے اندر نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کا بندوبست کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنے اندر قیادت کی صلاحیت پیداکریں اور عوام کے مسائل کوحل کرنے کے لیے بھرپورطورپر جدوجہدکریں،ہم بلوچستان کو پرامن اورترقی یافتہ بنانا چاہیئے ہیں، جماعت اسلامی یوتھ ونگ میں نوجوانوں کی شمولیت خوش آئند ہے، نوجوان جماعت اسلامی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں ۔

انہوںنے کہاکہ حکومت بلوچستان معذورافراد کے کوٹے پر عمل درآمد کویقینی بنائے۔ انہوںنے نومنتخب یوتھ کابینہ کومبارکباد دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ امید ہے کہ نوجوان مسائل کے حل میں اپنا بھرپورکرداراداکریں گے ۔جماعت اسلامی کے مرکزی امیر نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔

متعلقہ عنوان :