ڈی سی مردان کامختلف بازاروں کااچانک دورہ

منگل 21 نومبر 2017 20:04

مردان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) کمشنر مردان ڈویژن ذاکر حسین آفریدی نے مردان شہر کے مختلف بازاروں کا اچانک دورہ کیا اور بازاروں میں ٹریفک کی روانی ، تجاوزات اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ ،اسسٹنٹ کمشنر عمران خان اور سیکرٹری آر ٹی اے بھی کمشنر مردان کے ہمراہ تھے ۔اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شمسی روڈ اوربغداد ہ سمیت تمام بازاروں میں ناجائز تجاوزات کے خاتمے اور صفائی کی صورتحال بہتر بنائی جائے اور ٹریفک کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

کمشنر مردان نے دیگر حکام کے ہمراہ مردان میڈیکل کمپلکس کا بھی دورہ کیا اور فارمیسی سٹور ، لیبارٹری ، ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی اور وارڈز کا دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا ۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو تمام تر سہولیات پہنچانے کے لیے کوشاں ہے اور اس مقصد کے لیے محکمہ صحت کو کثیر فنڈز دیئے جارہے ہیں ۔ذاکر حسین آفریدی نے متعلقہ حکام کو ہسپتال میں مریضوں کی دیکھ بھال میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔