ملتان: نوجوانوں کو صحتمند اور توانا بنانے کیلئے کھیلوں میں بھرپور دلچسپی لینی چاہیے،ڈاکٹرطاہرامین

منگل 21 نومبر 2017 20:01

ملتان۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء)وائس چانسلر بہاء الدین زکریایونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین نے کہاہے کہ نوجوانوں کو صحت مند اور توانا بنانے کے لیے کھیلوں میں بھرپور دلچسپی لینی چاہیے ، جدید ٹیکنالوجی کے دور نے ہمارے نوجوانوں کا کھیل کے میدان سے تعلق کم کردیا ہے،جس کی وجہ سے نوجوانوں میں قوت مدافعت میں کمی ہوگئی ہے۔

انہو ںنے ان خیالات کا اظہار گیلانی لاء کالج میں سالانہ سپورٹس گالا کے موقع پر مزیدکہاکہ بی زیڈیو میں طلباء طالبات کے لیے کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں جس میں ہر ڈیپارٹمنٹ اور ہاسٹلز میں کھیلوں کے مختلف مقابلہ جات کرائے جاتے ہیں ،زکریایونیورسٹی کے طلباء طالبات مختلف کھیلوں میں قومی سطح پر اپنا لوہا منواچکے ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں گیلانی لاء کالج میں سالانہ سپورٹس میلہ کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین نے کیا۔اس موقع پر اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد ، پرنسپل گیلانی لاء کالج شیخ محمد سلیم، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر رائو عمران حبیب ، لاء کالج کے وائس پرنسپل محمد آصف صفدر ، ڈاکٹر محمد بلال ، ڈاکٹر سمزہ فاطمہ ، رئیس نعمان احمد ، راشدہ ظہور ، میڈم کوثر شفیق شاہداور طلباء طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔