آگ سے بچائو کیلئے مناسب اقدامات نہ کرنے والی عمارات کو سربمہر کرکے سخت قانونی کاروائی کی جائے گی،میئر شیخ انصر عزیز

فائر سیفٹی پرویژن 2016ء کے حقیقی معنوں میں نفاذ اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ،ْاجلاس سے خطاب

منگل 21 نومبر 2017 19:34

آگ سے بچائو کیلئے مناسب اقدامات نہ کرنے والی عمارات کو سربمہر کرکے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2017ء)میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ آگ سے بچائو اور حفاظت اور انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے مناسب اقدامات نہ کرنے والی عمارات کو سربمہر کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور فائر سیفٹی پرویژن 2016ء کے حقیقی معنوں میں نفاذ اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے علاوہ متعلقہ سینئر افسران بھی موجود تھے۔ شیخ انصر عزیز نے کہا کہ آگ سے بچائو اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے موجودہ قوانین کے متعلق عوام الناس میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے ایک بھرپور مہم چلائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متعلقہ قوانین کے نفاذ سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ عوام الناس میں آگاہی پیداکرنے کے لیے اخبارات میں پبلک نوٹس چھاپے جا رہے ہیں جن کے ذریعے پبلک اور پرائیویٹ عمارات بشمول رہائشی ،تعلیمی، تجارتی، صنعتی اورہر قسم کی عمارات کے مالکان اور رہائشیوں کو متنبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ متعلقہ بلڈنگ کوڈز اور فائر سیفٹی پرویژن 2016ء پر صحیح معنوں میں عملدرآمد کریں ۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ ایسی تمام عمارتوں میں کسی قسم کی مینٹینس،سروسز اور پروکیورمنٹ کی اجازت بھی ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے جاری کیے جانے والے سرٹیفکیٹ سے مشروط کر دی گئی ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ کسی بھی کمپنی ، فرم یا انفرادی طورپر بلڈنگ کوڈز فائر سیفٹی پرویژن2016ء کی خلاف ورزی کرنے پر عمارت کو سر بمہر کر دیا جائے گا۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ ایسی عمارتوں کے مالکان جن کواسلام آباد فائر پری وینشن اینڈ لائف سیفٹی ریگولیشن 2010ء کے تحت چالان کئے گئے تھے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پرعائد کئے گئے جرمانوں کو جمع کرائیں۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد کے رہائشیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ایم سی آئی کے ساتھ بھر تعاون کریں تاکہ بلڈنگ کوڈز فائر سیفٹی پرویژن2016ء اور اسلام آباد فائر پری وینشن اینڈ لائف سیفٹی ریگولیشن2010ء کے نفاذ کو یقینی بنا کر اسلام آباد کو فائر فری زون بنایا جا ئے۔

انہوں نے متعلقہ شعبے کو ہدایت کی کہ مقرر کردہ تین ماہ کی ڈیڈ لائن کے بعد ایسی عمارات ، جائیدادیں اور رہائش گاہیں جہاں پر انسانی زندگی کے بچائو کے لیے اقدامات نہیں کیے گئے کے خلاف بغیر مزید مہلت دیئے کاروائی کا آغاز کیا جائے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو مزید بتایا گیا کہ شہر میں موجود کرائے داروں کو بھی یہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ سے عمارت میں کئے گئے آگ یا کسی ناگہانی آفت سے بچائو کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیں۔

اس کے علاوہ عوام الناس سے یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ شہر میں ایسی تمام عمارات جو بلاواسطہ یا بالواسطہ انسانی زندگی کیلئے خطرے کا باعث بن سکتی ہیں اسکے بارے میں ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو آگاہ کریں۔