وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی کی زیر صدارت اقبال اکادمی کے 50 ویں گورننگ بورڈ کا اجلاس

سالانہ صدارتی اقبال ایوارڈز کے اجراء کا سلسلہ فوری بحال کیا جائے، عرفان صدیقی

منگل 21 نومبر 2017 19:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن اور اقبال اکادمی کو ہدایت کی ہے کہ سالانہ صدارتی اقبال ایوارڈز کے اجراء کا سلسلہ فوری طور پر بحال کیا جائے۔ یہ ہدایت اقبال اکادمی کے 50 ویں گورننگ بورڈ کے اجلاس میں جاری کی گئی جو مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کے زیر صدارت منگل کو قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں منعقد ہوا۔

مشیر وزیراعظم نے صدارتی اقبال ایوارڈ کا پانچ سال سے رکا ہوا عمل فی الفورشروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد پیدا ہونے والی ضابطہ جاتی رکاوٹوں کو دور کرکے ایوارڈز کا جلد ازجلد اجراء ممکن بنایا جائے۔ اجلاس میں علامہ اقبال کے حوالے سے قومی کانفرنس کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا جس میں پورے ملک سے اہل علم شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

مجوزہ کانفرنس کیلئے آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ اجلاس میں لاہور میںمیکلوڈ روڈ پر واقع علامہ اقبال کی رہائش گاہ کی تزئین و آرائش کیلئے ضابطہ کی کارروائی مستعدی سے نمٹانے اور اس ضمن میں پنجاب حکومت سے رابطہ کی بھی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر اقبال اکادمی کے تقرر کیلئے ایک ہفتہ کے اندر طے شدہ ضابطہ کے تحت اقدامات کی بھی اتفاق رائے سے منظوری دی گئی۔

اجلاس نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ ملازمین کی پینشن اور دیگر مراعات عدالت عظمی کے واضح حکم اور وزارت قانون کی قانونی رائے کی روشنی میں بلاتاخیر ادا کی جائیں اور اس ضمن میں قانونی اور قواعد سے متعلقہ کوئی سقم ہیں، تو ان کو دور کیا جائے۔ مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی نے کہاکہ فکر اقبال کی ترویج واشاعت عصر حاضرکا اہم تقاضا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ نوجوان نسل اور عوام تک اقبال کے پیغام کو اس کی روح کے ساتھ پہنچانے کو یقینی بنائیں۔

اس مقصد کیلئے اقبال اکادمی اور اس سے وابستہ شخصیات کا نہایت اہم کردار ہے۔ اجلاس نے اس مالی سال میں علامہ اقبال پر 45کتب کی اشاعت کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن، جوائنٹ سیکرٹری سیّد جنید اخلاق، اقبال اکادمی کے نائب صدر منیب اقبال کے علاوہ گورننگ باڈی کے دیگر ارکان، قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن اور اقبال اکادمی کے حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :