ملک کی ترقی جمہوریت میں ہی مضمر ہے، سب کو مل کر جمہوریت کے استحکام کیلئے کام کرنا ہوگا،جاوید ہاشمی

منگل 21 نومبر 2017 19:12

ملک کی ترقی جمہوریت میں ہی مضمر ہے، سب کو مل کر جمہوریت کے استحکام کیلئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) سابق رکن قومی اسمبلی جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی جمہوریت میں ہی مضمر ہے، سب کو مل کر جمہوریت کے استحکام کیلئے کام کرنا ہوگا تب ہی ہمارا ملک آگے بڑھے گا، ہم قومی یکجہتی اور اتحاد کے ساتھ پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالیں تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی، گوادر پاکستان کی تقدیر بدلے گا، عام انتخابات 2018ء میں ہی ہوں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نیشنل پریس کلب کے صدر اور سیکرٹری بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سیاست کا آغاز چھوٹی عمر سے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست سے پہلے وہ ایک رسالے کا ایڈیٹر بھی تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے حوالہ سے 20 سال قبل اپنی کتاب میں لکھا تھا کہ آنے والے وقت میں روس اور چین پاکستان کے پیچھے کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت جو ہر وقت ہم سے لڑ رہا ہے وہ گوادر کی وجہ سے 10 سے 15 سال بعد پاکستان سے معافی مانگے گا، گوادر، لدھیانہ کا فاصلہ ممبئی سے 2100 کلومیٹر ہے، گوادر پورٹ سے خطہ کی تقدیر بدلے گی جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ خطہ کے دیگر ممالک بھی بھرپور انداز سے مستفید ہوں گے اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاست عمران خان کی فیلڈ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو الگ کے لئے بین الاقومی سازشیں ہو رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو زیادہ نمائندگی دینے کی ضرورت ہے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ الیکشن 2018ء کو ہی ہوں گے کیونکہ اس کے علاوہ باقی کوئی راستہ نہیں ہے، آج اگر الیکشن ہو جائیں تو مسلم لیگ (ن) اس میں کامیابی حاصل کرے گی، اگر 2018ء میں الیکشن ہوں تو اس کا فیصلہ عوام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں ان کی عظیم قربانیوں کا مجھ سمیت ہر کوئی اعتراف کرتا ہے، بدقسمتی سے قیام پاکستان سے لے کر اب تک پاکستان کے ساتھ جو ہو رہا ہے اسے اب بند ہونا چاہئے، ملک کی ترقی جمہوریت میں ہی مضمر ہے، سب کو مل کر جمہوریت کے استحکام کیلئے کام کرنا ہوگا تب ہی ہمارا ملک آگے بڑھے گا۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ اگر ہم قومی یکجہتی اور اتحاد کے ساتھ پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالیں تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی، بھارت پاکستان کو کسی قیمت پر نہیں توڑ سکتا ہم خود اپنے ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :