کلین اینڈ گرین مہم کا مقصد اسلام آباد کو خوبصورت اور صاف ستھرا رکھنے کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے،میئر شیخ انصر عزیز

منگل 21 نومبر 2017 19:12

کلین اینڈ گرین مہم کا مقصد اسلام آباد کو خوبصورت اور صاف ستھرا رکھنے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) کلین اینڈ گرین مہم کا مقصد اسلام آباد کے ہر سیکٹر کے رہائشیوں میںشہر کو خوبصورت اور صاف ستھرا رکھنے کے حوالے سے انکے کلیدی کردار سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔ ایم سی آئی شہر میں صفائی کے نظام کو مزید موثر اور جدید بنانے کے ساتھ ساتھ سینی ٹیشن کے عملے کی فلاح و بہبود کے لیے کام بھی کر رہی ہے اس مقصد کے لیے ہر سیکٹر میں سینی ٹیشن ملازمین کے حاضری پوائنٹس پر باقاعدہ شیڈز تعمیر کیے جائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے منگل کے روز اسلام آباد کے سیکٹر G-9 میںمیٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد( ایم سی آئی) کی ’’کلین اینڈ گرین اسلام آباد‘‘ مہم کا اچانک دورہ کرنے کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

میئر اسلام آباد نے مہم کے دوران مختلف شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور لوگوں کی شکایات سنیں ۔

اس موقع پر ایم سی آئی کے منتخب نمائندوں کے علاوہ ایم سی آئی کے متعلقہ شعبوں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ ماضی میں شہریوں کو ہمیشہ یہ شکایت رہی ہے کہ اسلام آباد کے پوش سیکٹروں میں سہولیات کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر کی جاتی ہے جبکہ کم آمدنی والے لوگوں کے سیکٹروں کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔

اس تاثر کو ختم کرنے کے لیے انہوں نے کلین اینڈ گرین مہم کا آغاز اسلام آباد کے سب سے قدیم سیکٹر G-6 سے کیا اورر یہ مہم G-6، G-7اور G-8 میں کامیابی کے ساتھ عمل پذیر ہونے کے بعد اب سیکٹرG-9 میں داخل ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے تما م علاقوں میں یہ مہم تین تین دن جاری رہے گی جس کے دوران کیمپ آفس میں موجود ایم سی آئی اور سی ڈی اے کے متعلقہ نمائندے موجود رہکر شہریوں کے صفائی، سٹریٹ لائیٹس، سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی مرمت ،پانی کی سپلائی، پارکوں ، کھیلوں کے میدانوں اور دیگر بنیادی سہولیات کے متعلق شکایات سن کر انہیں موقع پر حل کرینگے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ جن جن سیکٹروں میں یہ مہم مکمل ہو ئی ہے وہاں صفائی اور دیگر سہولیات کو برقرار کھنے کے لیے موئثر مانیٹرنگ کی جائے ۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے شہر کو صاف رکھنے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو نظر انداز کیا گیا تاہم میٹرو پولیٹین کارپوریشن شہریوں کی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے جامع پلان پر عمل پیرا ہے جس کے تحت شہریوں کے منتخب نمائندوں کی مشاورت سے شہریوں کے دیرینہ مسائل حل کریں گے۔