عوامی فلاح کے منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے،وزیراعلیٰ پرویزخٹک

منگل 21 نومبر 2017 18:51

عوامی فلاح کے منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے،وزیراعلیٰ پرویزخٹک
پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اپنے پیشہ وارانہ تجربات اور ادارے کی میموری کو نئے آنے والے افسران تک منتقل ضرور کریں تاکہ سینئر افسران کے جانے اور نئے افسران کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی صورت میں محکمانہ اور ادارہ جاتی کارکردگی سست روی یا غفلت کا شکار نہ ہو۔

انسٹی ٹیویشنل میموری کی منتقلی کا کلچر نہ ہونے کی وجہ سے وقت کا ضیاع ہو تا ہے اور مسائل جوں کے توں رہتے ہیں۔بدقسمتی سے یہ بیماری پورے ملک میں ہے جسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ ترقی اور فلاح کے کام مشترکہ ویژن کے ذریعے مکمل ہونے چاہئیں ۔ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں وزیراعلیٰ کے دورہ شموزئی سوات کے دوران اعلان کردہ مختلف ترقیاتی سکیموں پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر محمود خان، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ڈاکٹر امجد، وزیراعلیٰ کے مشیر مشتاق غنی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس کو سوات میں مختلف ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ سپورٹس سٹیڈیم کبل سوات مکمل ہو چکا ہے جبکہ سپورٹس سٹیڈیم شموزئی کیلئے زمین پر سیکشن فور لگا دیا گیا ہے جبکہ زمین کا تخمینہ لاگت لگایا جا رہا ہے جس کو آئندہ ہفتے تک حتمی شکل دے دی جائے گی ۔

وزیراعلیٰ نے شموزئی سپورٹس سٹیڈیم کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے جبکہ مٹہ ، دروش خیلہ اور خرارائی میں قبرستان کیلئے سمری بھیجنے کی ہدایت کی ۔اُنہوںنے سوات میں خپل کور فائونڈ یشن ماڈل سکول کیلئے زمین کی خریداری جلد یقینی بنانے جبکہ پی کے۔82 میں گورنمنٹ ڈگری کالج کی اراضی کا مسئلہ حل کرکے فی الفور تعمیر شروع کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سول ہسپتال بری کوٹ کی اپ گریڈیشن کیلئے پی سی ون تیار ہو چکا ہے جبکہ اُمنگ سپیشل چلڈرن سکول کیلئے اراضی کی نشاندہی مطلوب ہے۔

وزیراعلیٰ نے مٹہ کالج سپورٹس گرائونڈ اور پارک کیلئے متعلقہ اراضی پر سیکشن فور لگانے جبکہ دیگر سکیموں کیلئے بھی اراضی کا مسئلہ جلد حل کرنے کی ہدایت کی ۔اُنہوں نے بعض سکیموں کی تعمیر میں درپیش مسائل کا حل نکالنے کیلئے دوبارہ اجلاس طلب کیا جس میں ایس ایم بی آر سمیت تمام متعلقہ حکام کی شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہر کام کا ایک طریقہ کار موجود ہے متعلقہ حکام اپنی ذمہ داریوں کا بروقت احساس کریں اور عوامی فلاح کی سکیموں کو دلجمعی کے ساتھ کام کرکے بلا تاخیر مکمل کرنے کی کوشش کریں ۔عوامی فلاح کی سکیموں کے سلسلے میں حکومتی ہدایات پر عمل درآمد یقینی ہونا چاہیئے ۔