رانا مشہود کی زیر صدارت تعلیمی اداروں سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کے مسائل سے نمٹنے کیلئے مختلف تجاویز پر غورکیلئے اجلاس

832 ماسٹر ٹرینرز کے ذریعے تعلیمی اداروں میںٹریفک مسائل کے حل کے لئے آگاہی مہم چلائی جائے گی،سی ٹی او لاہور

منگل 21 نومبر 2017 18:47

رانا مشہود کی زیر صدارت تعلیمی اداروں سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کے مسائل ..
لاہور۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) صوبائی حکومت نے لاہور کے معروف تعلیمی اداروں کے اردگرد سڑکوں پر تعلیمی اوقات کے دوران ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کیلئے منظم حکمت عملی تیار کر لی ہے،اس حوالے سے وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں کی زیر صدارت گزشتہ روز یہاں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے کمیٹی روم میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں لاہور میںمختلف تعلیمی اداروں سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کے مسائل سے نمٹنے کیلئے مختلف تجاویز پر غورکیا گیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر رانا مشہود نے کہا کہ طلبہ کو بہترین اور محفوظ سفری سہولیات مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں حکومت متعدد اقدامات پر غور کررہی ہے ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر لاہور رائے اعجاز نے کہا کہ 832ماسٹرٹرینرز کے ذریعے تعلیمی اداروں میںٹریفک مسائل کے حل کیلئے آگاہی مہم چلائی جائے گی،انہوں نے پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کی تجویز پیش کی اور کہا کہ لاہور کے تعلیمی اداروں کے اوقات کارمیں ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے طلبہ کو سٹوڈنٹس کارڈ جاری کئے جائیں تاکہ انہیں پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے آرام دہ اور محفوظ سفری سہولیات میسر ہوں،انہوں نے تعلیمی اداروں میں سینئر اور جونیئر ٹریفک پریفکٹس نامزدکرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا،چیف ایگزیکٹو لاہور ٹرانسپورٹ اتھارٹی مریم خاور نے جیل روڈ پر واقع لاہور یونیورسٹی فاروویمن ، اپوا کالج ، کنیئرڈ کالج اور ہوم اکنامکس کالج کے اوقات کار میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے 70نئی بسیں چلانے کا عندیہ دیا،ان بسوں میں آرام دہ اور محفوظ سفرانتہائی مناسب کرایہ پر مہیا کیا جائے گا،انہوں نے مزید بتایا کہ ان بسوں میں طالبات کی سیکورٹی کے پیش نظر کیمرے بھی نصب ہوں گے اور والدین کو ایس ایم ایس کے ذریعے اپ ٹو ڈیٹ رکھاجائے گا،اجلا س میں سیکرٹری سکولز ڈاکٹر اللہ بخش ملک ، چیف ٹریفک آفیسر لاہور رائے اعجاز،سپیشل سیکرٹری سکولز رانا حسن اختر ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر لاہور بشیر احمد گورایہ ،چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہورٹرانسپورٹ کمپنی مریم خاور سمیت مختلف اداروں کے سربراہوں نے شرکت کی،دریں اثناء صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خاں کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں سانحہ تربت کے حوالے سے قائم کی گئی کمیٹی کی سفارشات کو حتمی شکل دی گئی،یہ کمیٹی اپنی سفارشات مزید کارروائی اور عملدرآمد کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کرئے گی۔