ملک نازک دور سے گزر رہا ہے ،سپریم کورٹ آرٹیکل190کے تخت ملک بچانے کا اختیار رکھتی ہے‘ میاں محمود الرشید

پہلے (ن) لیگ نے پیپلز پارٹی سے ملکر مشرف کو بھگا یا آج قوم کو بیوقوف بنانے کیلئے ماتم کدہ ہیں، (ن) اور پیپلز پارٹی میں مکمل رابطے ہیں،جب صحت کا بجٹ اورنج ٹرین پر لگے گا تو بچے ہسپتالوں میں نہیں رکشوں اور سڑکوں پر ہی پیدا ہوں گے ‘ اپوزیشن لیڈرپنجاب اسمبلی کا خطاب

منگل 21 نومبر 2017 18:44

ملک نازک دور سے گزر رہا ہے ،سپریم کورٹ آرٹیکل190کے تخت ملک بچانے کا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2017ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ جب صحت کا بجٹ اورنج ٹرین پر لگے گا تو بچے ہسپتالوں میں نہیں رکشوں اور سڑکوں پر ہی پیدا ہوں گے ،پہلے (ن) لیگ نے پیپلز پارٹی سے ملکر مشرف کو بھگا یا آج قوم کو بیوقوف بنانے کیلئے ماتم کدہ ہیں، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں مکمل رابطے ہیں، ختم نبوت کے قانون میں تمام شقیں بحال تو کر دی گئیں لیکن ذمہ داروں کو دانستہ طور پر بچا لیا گیا، ملک نازک دور سے گزر رہا ہے ،سپریم کورٹ آئین کے آرٹیکل190کے تخت ملک بچانے کا اختیار رکھتی ہے، پارٹی پر نواز شریف کی گرفت نہیں رہی، (ن) لیگ انتشار لیگ بن چکی ہے جلد بڑا دھماکہ ہونے والا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز علامہ اقبال ٹائون میں تحریک انصاف کی ممبر سازی سے متعلقہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان تاحال خفیہ رابطے ہیں، دونوں جماعتیں احتساب سے خوفزدہ ہیں یہی انکو اب تک جوڑے ہوئے ہے، انکا کہنا تھا کہ ملک میں عدلیہ اور فوج کیخلاف منظم صف بندی کی جا رہی ہے، حکمران جماعت نہ صرف ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل کرنیکی کوشش کر رہی ہے بلکہ حالات کو انتشار کی طرف لے جا رہی ہے، اسی وجہ سے مسلم لیگ ن میں نظریاتی گروہ نے خود کو الگ کر لیا ہے، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی اپنی جماعت پر گرفت باقی نہیں رہی، لوگ بڑا دھماکہ کرنے کیلئے صرف وقت کا انتظار میں ہیں، آنے والے دنوں میں حکمران جماعت کو بڑا دھچکا لگنے والا ہے، میاں محمودالرشید نے کہا کہ سابق وزیراعظم کی عدلیہ اور فوج کیخلاف بیان بازی قابل مذمت ہے اس سے فیڈریشن کمزور ہوتی ہے، خدانخواستہ شریف خاندان نے یہی روش اختیار کئے رکھی تو ملک قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے، انکا کہنا تھا ریاستی اداروں کو ملک کیخلاف سازش پر نواز شریف کیخلاف سخت ایکشن لینا پڑے گا۔

(جاری ہے)

میاں محمودالرشید نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ آئین کے آرٹیکل190کے تخت ملک بچانے کا اختیار رکھتی ہے، تحریک انصاف ایک آئینی جماعت ہے، کبھی غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کرینگے، اسمبلیاں توڑ کر نئے انتخابات کے مطالبہ پر قائم ہیں ماضی میں نواز شریف اور بینظیر بھٹو بھی ایسے مطالبات کر چکے ہیں، اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ختم نبوت کے قانون میں تمام شقیں بحال تو کر دی گئیں لیکن ذمہ داروں کو دانستہ طور پر بچا لیا گیا، تحریک انصاف ختم نبوت کے چوروں کو کٹہرے میں لائے گی۔

پنجاب حکومت اور شہباز شریف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ جب نئے ہسپتال نہیں بنیں گے، ہیلتھ کا بجٹ اورنج ٹرین جیسے منصوبوں پر خرچ ہونگے تو بچے ہسپتالوں میں نہیں سڑکوں، رکشوں پر ہی ہونگے۔