گھروں کے اندر صفائی رکھنا اور ڈینگی ہاٹ سپاٹس کو ختم کرنا مکینوں کی ذمہ داری ہے،خواجہ عمران نذیر

منگل 21 نومبر 2017 18:12

گھروں کے اندر صفائی رکھنا اور ڈینگی ہاٹ سپاٹس کو ختم کرنا مکینوں کی ..
لاہور۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ گھروں کے اندر صفائی رکھنا اور ڈینگی ہاٹ سپاٹس کو ختم کرنا مکینوں کی ذمہ داری ہے اور حکومت کے تمام محکمے گذشتہ کئی برس سے اس سلسلہ میں عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے ذرائع ابلاغ ، واکس اور سیمینار کے ذریعے مہم چلارہے ہیں اور ٹیمیں گھر گھر جاکر ڈینگی کی افزائش روکنے کیلئے سرویلنس کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ لوگ بھی اس حوالے سے ذمہ داری کا ثبوت دیں اور اپنے گھروں کو صاف رکھیں۔

وزیر صحت نے ہدایت کی کہ آئندہ سال سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے والے گھر پر سرخ رنگ کا سٹیکر چسپاں کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ اور کئی دیگر ممالک میں یہ طریقہ اختیار کیا جاتا ہے کیونکہ ڈینگی صحت کے ساتھ سماجی مسئلہ بھی ہے،انہوں نے یہ بات سول سکریٹریٹ کمیٹی روم میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری کواپریٹو شہریار سلطان ، سپیشل سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ ڈاکٹر فیصل ظہور ، تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران، چیف منسٹر ڈینگی ریسرچ سیل کے انچارج پروفیسر وسیم اکرم، پبلک ہیلتھ ایکسپریس، پی آ ئی ٹی بیکے افسران، سپیشل برانچ اور دیگر اداروں کے نمائندوں اور سی ای او لاہور نے شرکت کی۔ دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور سی ای او ہیلتھ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی کارروائی میں حصہ لیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر فرخ سلطان نے صوبے میں ڈینگی کی مجموعی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2016میں پنجاب میں ڈینگی کے کل مریضوں کی تعداد 4731تھی جبکہ 2017میں کنفرم مریض1,017رپورٹ ہوئے ہیں جن میں دیگر صوبوں اور بیرون ملک کے کچھ مریض بھی شامل ہیں۔ اسی طرح راولپنڈی میں گذشتہ سال 1135مریض رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال یہ تعداد338رہی اور لاہور میں گذشتہ سال کے 917کے مقابلے میں رواں سال صرف 68مریض رپورٹ ہوئے جو صوبہ پنجاب کے تمام محکموں کی دن رات کی محنت کا منہ بولتا ثبوت اور شاندار کامیابی ہے۔

خواجہ عمران نذیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کے مخصوص حالات کے باوجود صوبہ پنجاب خصوصاً راولپنڈی میں ڈینگی پرنمایاں کنٹرول قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ڈینگی ملازمین کو ریگولر کرنے کیلئے حکومت سنجیدہ ہے۔ انہوں نے تمام اضلاع کو ہدایت کی کہ کنٹریکٹ ڈینگی ملازمین کی فہرستیں محکمہ صحت کو بھجوائی جائیں تاکہ اس معاملہ پر پیش رفت کی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ تمام تر تنقید کے باوجود تمام سرکاری محکموں اور ڈینگی ورکرز نے بہت محنت سے خدمات سر انجام دی ہیں۔ انہوں نے سپیشل برانچ کی رپورٹ کی روشنی میں ہدایت کی کہ جن اداروں کی سرگرمیاں کم ہیں وہ انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں میں اضافہ کریں تاکہ ڈینگی پر موثر کنٹرول برقرار رکھا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :