ٹیم سپرٹ کے ساتھ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کو اعلیٰ طبی تعلیم کا بہترین ادارہ بنائیں گے،پروفیسر خالد مسعود گوندل

منگل 21 نومبر 2017 18:04

لاہور۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی فیکلٹی ہائرایجوکیشن کمیشن پاکستان کے معیار کے مطابق ادارے کو ملکی اعلیٰ طبی تعلیم کا بہترین ادارہ بنانے کیلئے کوشاں ہے،وائس چانسلرایف جے ایم یو پروفیسر خالدمسعود گوندل نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان ڈاکٹر مختار احمد سمیت ایچ ای سی کے ڈائریکٹرز سے ملاقات میں ایف جے ایم یو کو ملک کی بہترین یونیورسٹی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا،انہوں نے کہا کہ ادارے کی بہترین یونیورسٹی فیکلٹی ٹیم سپرٹ کے ساتھ ایچ ای سی ریسرچ،اساتذہ،کوالٹی ایشورنس ،کیمپس اور دیگر سٹینڈرڈزپر پورا اترنے کیلئے کوشاں ہے،چیئرمین ہائرایجوکیشن کمیشن پاکستان ڈاکٹر مختار احمد نے وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کو ہرطرح کے تعاون اور سرپرستی کی یقین دہانی کرائی،انہوں نے کہا کہ اس تاریخی طبی ادارے کو عالمی سطح پر لے جانے کیلئے مکمل سرپرستی کی جائیگی۔