پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے،گورنر پنجاب

وکلاء برادری نے ہمیشہ اصولوں اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے انتہائی مثبت کردار ادا کیا ہے،وکلاء وفد سے ملاقات میں گفتگو

منگل 21 نومبر 2017 18:03

پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے،گورنر پنجاب
لاہور۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) گورنرپنجاب ملک رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں ملتان سے وکلاء برادری کے 12رُکنی وفد نے ایڈووکیٹ محمد علی گیلانی کی قیادت میں ملاقات کی ،ملاقات میں وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل کے بارے میں آگاہ کیا، گورنر پنجاب نے کہا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ اصولوں اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے انتہائی مثبت کردار ادا کیا ہے اور ملک کی بقاء اورجمہوری اداروں کی مضبوطی اور استحکام میں مدد گار رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے اور موجودہ حکومت ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی بالخصوص جنوبی پنجاب کے دُور دراز علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ وہاں کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل کا جلدسے جلد ادراک ہوسکے، گورنر نے کہا کہ وکلاء برادری ملک کی تعلیم یافتہ کمیونٹی ہے جو معاشرے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے بھر پور کردار ادا کررہی ہے، انکا کہنا تھا کہ عوام کو انصاف کی فراہمی اگرچہ حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن وکلاء کے کردار کے بغیر ممکن نہیں،گورنر نے کہا کہ حکومت وکلاء کے مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ان کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔