تعمیر و ترقی میں شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کا اہم کردار ہوتا ہے،مظفرسید

منگل 21 نومبر 2017 18:02

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے دیر پائیں میں ملاکنڈ لنک روڈ کا افتتاح کر دیا، منصوبے سے حلقہ پی کے 94 کے علاقے ملاکنڈ اور آس پاس کی آبادی کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں گی۔منگل کے روزمنعقدہ افتتاحی تقریب میںموجود متعلقہ محکمہ جات کے نمائندوں کے علاوہ علاقہ معززین اور جماعت اسلامی کی مقامی قیادت اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مظفر سید نے کہا کہ یہ منصوبہ علاقے کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا یہ وژن ہے کہ کثیرا لمقاصد نوعیت کے بڑے منصوبوں کیساتھ ساتھ دیہی سطح پر عوام کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے بھی ایسے موثر اقدامات کئے جائیں جو پائیدار ترقی کے ضامن بن سکیں یہی وجہ ہے کہ صوبہ بھر کے دیہی اور دور افتادہ علاقوں کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے ہر شعبہ زندگی میں نمایاں اقدامات کئے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ علاقے میں صحت، تعلیم، مواصلات اور دیہی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں ایسے ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں جو تیز تر انسانی ترقی کے سبب بنیںگے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے فیتہ کاٹ کر باضابطہ طور پر مذکورہ نئے منصوبے کا افتتاح کیا ۔