ہیلتھ ایمپلائز سپریم کونسل کے وفد کی شہرام خان ترکئی اورعارف یوسف ایڈوکیٹ سے ملاقات

منگل 21 نومبر 2017 18:02

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء)ہیلتھ ایمپلائز سپریم کونسل کے صوبائی چیئرمین نیاز محمد خلیل کی قیادت میں ایک وفدنے سینئر صوبائی وزیر صحت شہرام خان ترکئی اور وزیراعلیٰ کے مشیر قانون عارف یوسف ایڈووکیٹ سے ملاقات کی جس میں صوبائی صدر سمیع اللہ، جنرل سیکرٹری ہمایون خلیل، احسن علی، سعادت خان، شیر محمد، ماجد علی، آصف خان اور عالمگیر خان شامل تھے۔

ملاقات میں وفد نے انہیں بتایا کہ ہیلتھ پروفیشنل الائونس ہمارا جائز مطالبہ ہے لیکن صوبائی حکومت کی بار بار یقین دہانی کے باوجود تاحال اس کا اجراء نہ ہوسکا جس کی وجہ سے محکمہ صحت کے کلاس فور ملازمین میں شدید مایوسی پھیل گئی ہے، صوبائی حکومت بلاتاخیر ہیلتھ پروفیشنل الائونس کا اجراء کرکے ملازمین میں پائی جانے والی مایوسی کا خاتمہ کریںجس پر سینئر صوبائی وزیر صحت شہرام خان ترکئی اور وزیر اعلیٰ کے مشیر قانون عارف یوسف ایڈووکیٹ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ اس جائز مطالبہ کو پورا کرنے کے لئے وفد کی جلد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے ملاقات کرائی جائے گی۔

(جاری ہے)

کونسل کے وفد نے بتایا کہ ہم مطالبات کے حل کے لئے احتجاج پر یقین نہیں رکھتے بلکہ ہم اپنے مسئلے کو جرگے کی صورت میں افہام وتفہیم سے حل کرنا چاہتے ہیں۔