لاء انفورسمنٹ پر عمل درآمد سے ہی اچھی ٹریفک کا بہاؤ ممکن ہے۔سی ٹی او

منگل 21 نومبر 2017 17:53

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی یوسف علی شاہد نے کہا ہے کہ راولپنڈی ٹریفک پولیس آن گرائونڈ روڈ یوزرز کو ٹریفک سہولیات کی فراہمی کے لئے مکمل کوشاں ہے اور بہتر ین حکمت عملی کے تحت تمام افسران و اہلکار اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں۔ انہوںنے کہا کہ منظم انداز سے ٹریفک لاء انفورسمنٹ پر عمل درآمد سے ہی اچھی ٹریفک کا بہاؤ ممکن ہے، انہوں نے کہا کہ کم عمر ڈرائیوروں، بغیر نمبر پلیٹ، غیر نمونہ نمبر پلیٹ ، فینسی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں ، کالے شیشوںوالی گاڑیوں اور پک اینڈ ڈراپ والی گاڑیوں میں لگی غیر قانونی ایل سی ڈیز کے خلاف بڑے پیمانے پر گرینڈ آپریشن جاری ہے، اس امر کا اظہار سی ٹی او نے ریڈیو پاکستان میں ایک انٹرویو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ شہری اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر گورنمنٹ آف پنجاب یا دیگر صوبوں کی گورنمنٹ کی طرف سے منظور شدہ، جاری کردہ نمبر پلیٹ اور نمونہ کے مطابق درست نمبر پلیٹ لگوائیں،خلاف ورزی پر راولپنڈی ٹریفک پولیس کی طرف سے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپلائیڈ فار نمبر پلیٹ ، فینسی نمبر پلیٹ یا دیگر کسی ایسے کلر کی نمبر پلیٹ لگانا جس سے نمبر پلیٹ پر درج نمبر دن کے اوقات میں یا رات کو پڑھنے میں دشواری ہو یا نمبر پلیٹ پر کچھ نمبر چھوٹے اور کچھ نمبر بڑے لکھوانا یہ سب قانوناًً جرم ہے، جس کے خلاف مزید سخت قانونی کاروائی شروع کر دی گئی ہے، لہذا شہری قانون کے مطابق گاڑی یا موٹر سائیکل پر درست نمبر پلیٹ لگوائیں اور راولپنڈی ٹریفک پولیس کی طرف سے دی گئیں ہدایات پر عمل کریں تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی یوسف علی شاہد نے اس موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ شہری کسی بھی مدد، رہنمائی اور معاونت کے لئے ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 051.9272616پر رابطہ کریں۔ انہوںنے کہا کہ ٹریفک پولیس خدمت میں عظمت کے جذبے کے پیش نظر روڈ یوزرز کو مکمل سفری سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :