ای سی او چیمبر کامرس اینڈ انڈسٹری کے 23 ویں مجلس عاملہ کا اجلاس

منگل 21 نومبر 2017 17:53

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) ای سی او چیمبر کامرس اینڈ انڈسٹری کے 23 ویں مجلس عاملہ کا اجلاس پچھلے ہفتہ انقرہ ترکی میں منعقد ہوا۔ منگل کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس کی صدارات ای سی او چیمبر کے صدر زبیر طفیل نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں ای سی او علاقائی ممالک کے درمیان مضبوط تجارتی اور معاشی تعلقات پر زور دیتے ہو ئے کہاکہ ای سی او کے بین العلاقائی تجارت کے کم حجم کے عوامل کا جائزہ لیں اور تجارت اور سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے کے لیے تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ممبر ممالک اپنا کردار ادا کریں۔

منگل کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ای سی او ویژن 2025ء جو کہ اسلا م آباد میں پچھلے ای سی او سمٹ میں منظور ہو چکا ہے، کے تحت ای سی او کے بین العلاقائی تجارت کو اگلے 3 سے 5 سالو ں میں دُگنا کرنے کا ہدف ہے لہذا ای سی او ویژن 2025ء کو فوری طور پر لاگو کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ای سی او کے بین العلاقائی تجارت کا حجم صرف 48 بلین ڈالر ہے جو کہ موجودہ تجارتی امکانات کے نسبت بہت معمولی ہے جبکہ ای سی او ممبر ممالک کا گلوبل ٹریڈ میں حصہ 625 بلین ڈالر ہے۔

اسی طرح گلوبل انوسمنٹ میں جو کہ 1.746 ٹریلین ڈالر میں سے ای سی او ممبر ممالک میں سرمایہ کاری صرف 36.5 بلین ڈالر ہے جو کہ گلوبل انوسٹمنٹ کا صرف 2.1 فیصد ہے۔ اجلاس کے دوران علاقائی معاشی ترقی اور استحکام کے لیے تمام ممبر ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹیشن، تجارت اور سرمایہ کاری، صنعتکاری، سیاحت، تجارتی ثالثی، بینکنگ کی سہولیات اور خواتین کو بااختیار اور کامیاب بزنس وومن بنانے کے لیے باہمی تعاون کے فروغ کے لیے قرارداد منظور ہوئی۔

اس کے علاوہ ویزا کے حصول کے طریقہ کار میں نرمی پر بھی باہمی اتفاق رائے ہوا اور زور دیا گیا کہ بزنس کمیونٹی کے لیے ای سی او کے ویزا اسٹیکر اسکیم کو فوری طور پر منظور کر کے نافذ العمل کیا جائے جس سے علاقے میں تجارت اور سیاحت دونوں کو فروغ ملے گا۔ اجلاس کے دوران ای سی او کے بین العلاقائی SMEs کے فروغ پر بھی تفصیل سے غور کیا گیا اور فیصلہ کیاگیا کہ ای سی او چیمبر آف کامرس کی خصوصی کمیٹی برائے صنعت و سرمایہ کاری کا دائرہ کار کو SMEs کی فروغ تک بھی بڑھایا جائے۔

ای سی او چیمبر کامرس کے 23 ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب میں ترکی کے وزارت معاشی ترقیات کے وزیر لطفی ایلاون اور وزیر برائے کسٹم اینڈ ٹریڈ اور دیگر وزراء نے اور ممبر ممالک کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے بین العلاقائی قدرتی ذخائر کا فائدہ اُٹھانے اور تجارت اور سیاحت اور باہمی سرمایہ کاری میں اضافہ پر زور دیا۔ اجلاس کے دوران ای سی او چیمبر کے بانی ممبران ترکی کے یونین آف چیمبرز اینڈ کموڈٹی ایکسچینجز کے صدر رفعت حسار چیک اوگلو اور ایران چیمبر آف کامرس انڈسٹری مائینز اینڈ ایگریکلچر کے صدر غلام حسین شافی اور ای سی او سیکر یٹریٹ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل کنعان نذروف نے بھی خطاب کیا۔

اس کے علاوہ اجلاس میں بڑی تعداد میں پاکستان، ایران، ترکی، افغانستان، آذربائیجان، تاجکستان اور کرغستان کے ممبر چیمبرز کے نمائندوں اور سفارتکاروں اور ترکی میں پاکستان کے سفیر سائرس سجاد قاضی نے بھی شرکت کی۔ تمام مندوبین نے ECO CCI کی طرف سے خواتین کونسل کی ویب پورٹل کے قیام کو بھی سراہا تاکہ علاقائی کاروباری خواتین اس میں اپنی رجسٹریشن کراسکیں اور ای سی او کی کاروباری خواتین کا ڈیٹا یکجا ہونے میں مدد ملے۔