حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کی بدولت زرعی شعبہ میں 3.5فیصد ترقی ہوئی، سیکرٹری زراعت

منگل 21 نومبر 2017 17:44

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے کہا ہے کہ فوڈ سیکورٹی اور غربت کے خاتمہ میں صوبہ پنجاب کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کی بدولت زرعی شعبہ میں 3.5فیصد ترقی ہوئی جبکہ مختلف فصلوں کی پیداوار میں8فیصد تک اضافہ ہوا۔ موجودہ حکومت کو اس بات کا بخوبی ادراک ہے کہ ملکی ترقی کسان کی خوشحالی سے مشروط ہے جس کیلئے تمام تر ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لودھراں میں محکمہ زراعت پنجاب اور آئی سی آئی پاکستان لمیٹڈکے باہمی اشتراک سے منعقدہ سورج مکھی کی منافع بخش کاشت کے موضوع پر منعقدہ سیمینار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہ کہا کہ جدیدنظام آبپاشی اور موسمیاتی مطابقت کی ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے خوردنی تیل کی ضروریات کو پورا کرنا ایک چیلنج ہے۔پاکستان زرعی ملک ہونے کے باوجود ہر سال خوردنی تیل کی درآمد پر تقریباً285ارب روپے کا قیمتی زرمبادلہ خرچ کرتا ہے۔اس وقت ہم اپنی ضروریات کا صرف14فیصد خوردنی تیل خود پیدا کرتے ہیں جبکہ86فیصد ہمیں درآمد کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی خوردنی تیل کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے محکمہ زراعت نے خادم پنجاب کسان پیکج کے تحت خصوصی مہم تیلداراجناس کی کاشت کا آغاز کردیا ہے۔

امسال صوبہ میں سورج مکھی 2لاکھ ایکڑ رقبہ پر کاشت کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔سورج مکھی کی کاشت کیلئے مقرر کئے گئے کل ہدف کا تقریباً90فیصد یعنی 1لاکھ78ہزار ایکڑ صرف جنوبی پنجاب کے تین ڈویژنز ملتان،بہاول پور اور ڈیرہ غازی خان کیلئے ہے۔خادم پنجاب کسان پیکیج کے تحت تیلدار اجناس(سورج مکھی اور کینولہ) کی کاشت پر بذریعہ وائوچرز 5ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔

رجسٹرد کسانوں کوسورج مکھی کی کاشت پر10ایکڑتک سبسڈی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب اور آل پاکستان سالونٹ ایکسٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے مشترکہ تعاون سے سورج مکھی فصل کی بروقت خریداری کو یقینی بنانے کیلئے علاقائی سطح پر مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ سبسڈی کی رقم کے ساتھ سورج مکھی کی فصل 2500 روپے فی من فروخت کی کمی بیشی کو مدنظر رکھتے ہوئے کاشتکار کی مالی معاونت بھی کی جائے گی۔

اس موقع پر میاں راجن سلطان چیئرمین ضلع کونسل نے کہا کہ خادم اعلیٰ پنجاب کی زیر قیادت ملکی تاریخ میں پہلی بار ضلعی ، صوبائی سطح پر کپاس، با سمتی، دھان ، مکئی، آم ، کنو، امرود،اور آلو کی فصلوں پر پیداواری مقا بلہ جات کا انعقاد کرا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کسانوں کو زرعی مشینری بھی انعامات میں دینا حکومت پنجاب کا انقلابی قدم ہے۔خالد کھو کھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کسانوں کوخوشحال کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ ریلیف دے۔ سیمینار میںزرعی ماہرین نے کاشتکاروں کو سورج مکھی کی پیداواری ٹیکنالوجی بارے تفصیلاًً بتایا۔