گورنر سندھ محمد زبیر سے میئر کراچی وسیم اختر کی ملاقات

جاری ترقیاتی منصوبے ، کراچی ترقیاتی پیکج میں ہونے والی پیش رفت اور اہمیت کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال معاشی حب کراچی قومی ترقی کا پیمانہ بھی ہے، محمد زبیر۔ کراچی ترقیاتی پیکج سے عوام کو ریلیف حاصل ہوگا ،میئر کراچی

منگل 21 نومبر 2017 17:42

گورنر سندھ محمد زبیر سے میئر کراچی وسیم اختر کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے میئر کراچی وسیم اخترنے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں جاری ترقیاتی منصوبے ، کراچی ترقیاتی پیکج میں ہونے والی پیش رفت اور اہمیت کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کا معاشی حب کراچی قومی ترقی کا پیمانہ بھی ہے ،شہر کی ترقی سے معاشی ، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ یقینی ہے ، ملک کی خوشحالی کا انحصار بھی معاشی شہر رگ کراچی کی ترقی پر ہی ہے اس ضمن میں وفاق شہر کی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کررہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ منی پاکستان کہلانے والے شہر کراچی میں ترقیاتی منصوبے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے انتہائی ناگزیر ہیں ، وفاق کی کوشش ہے کہ قومی ترقی کی ضمانت شہر بھی دیگر شہروں کی طرز پر تیزی سے ترقی کرے اس ضمن میں کراچی ترقیاتی پیکج کے منصوبوں کی تکمیل سے مکینوں کو زبردست ریلیف حاصل ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد کراچی کی ترقی و خوشحالی پر تمام توجہ مرکوز ہے ،شہر کے صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں ،معاشی سرگرمیوں میں روز بروز اضافہ اور سی پیک منصوبہ کی تکمیل کے پیش نظر انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ، نئی صنعتوں کے قیام اور نجی سیکٹر کے فعال کردار سے لوگوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہو رہے ہیں جس سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے ،غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کی اصل وجہ امن و امان کی بحالی ہے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ۔

گورنر محمد زبیر نے کہا کہ کراچی اپنی استعداد کے لحاظ سے پوری دنیا میں سرفہرست شہر ہے جہاں پر کی جانے والی سرمایہ کاری کے فوری اور مطلوبہ نتائج سے بڑھ منافع سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش اہمیت کا حامل ہے ، شہر میں عرصہ دراز سے دنیا بھر کی ملٹی نیشنل کمپنیاں منافع بخش کاروبار سے منسلک ہیں اور مزید سرمایہ کاری میں بھی بھرپور دلچسپی رکھتی ہیں جو کہ خوش آئند ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،یکساں ترقی کے وژن پر وفاق کا ربند ہے ، وفاقی ، صوبائی حکومتیں اوربلدیاتی ادارے مل کر عوام کو بہتر انداز میں سہولیات فراہم کرسکتے ہیں ۔ملاقات میں میئر کراچی وسیم اختر نے بتایا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے اور ایک میکانزم کے تحت ضروری اقدامات کو بھی یقینی بنایا جا رہاہے، بلدیاتی ادارے شہر میں صفائی ستھرائی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کے تحت جاری میگا پروجیکٹس کو عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، کراچی ترقیاتی پیکج کے منصوبوں کی تکمیل سے مکینوں کو ریلیف حاصل ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :