پاکستان سپین کے ساتھ قریبی تعاون کو فروغ دے کر یورپ کی مارکیٹ میں بہتر رسائی حاصل کر سکتا ہے،

ڈاکٹر محمد حامد علی سپین اور پاکستان کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کوفروغ دینے پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، شیخ عامر وحید

منگل 21 نومبر 2017 17:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) سپین میں تعینات پاکستانی سفارتخانہ کے کمرشل قونصلر ڈاکٹر محمد حامد علی نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے سپین کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ماربل مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع موجود ہیں، ان مصنوعات کی سپین کی مارکیٹ میں بہتر مانگ پائی جاتی ہے، پاکستان کی تاجر برادری سپین کے ساتھ ان مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے کوششیں تیز کرے جس سے پاکستان اور سپین کی باہمی تجارت مزید بہتر ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپین یورپ میں اہم جغرافیائی حیثیت رکھتا ہے اور پاکستان سپین کے ساتھ قریبی تعاون فروغ دے کر یورپ کی مارکیٹ میں بہتر رسائی حاصل کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ سپین کے شہر بارسلوانہ میں 26 فروری سے یکم مارچ 2018ء تک ایک موبائل ورلڈ کانفرنس منعقد ہو رہی ہے اور متعلقہ شعبے کی پاکستانی تاجر برادری کیلئے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ وہ اس کانفرنس میں شرکت کر کے کاروبار کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کریں۔

انہوںنے کہا کہ چیمبر سپین کیلئے دو یا تین مخصوص شعبوں پر مشتمل ایک تجارتی وفد تشکیل دے جس سے زیادہ مثبت نتائج برآمدہوں گے۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ سفارتخانہ وفد کے دورے کو کامیاب بنانے میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ سپین اور پاکستان کے درمیان عمدہ سیاسی تعلقات پائے جاتے ہیں جن سے استفادہ حاصل کرکے تجارتی و اقتصادی تعلقات کوفروغ دینے پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سپین میں موجود پاکستان کا سفارتخانہ سپین کی مارکیٹ کا مطالعہ کر کے یہ بتائے کہ کن پاکستانی مصنوعات کی ہاں زیادہ مانگ کی صلاحیت موجود ہے تا کہ تاجر براری ممکنہ کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانہ پاکستان اور سپین کے نجی شعبوں کے مابین مضبوط روابط قائم کرنے میں تعاون کرے جس سے مشترکہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور دوطرفہ تجارت کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر اپنا ایک تجارتی وفد سپین لے جانے پر غور کرے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار مرزا نے کہا کہ پاکستان اور سپین کے چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے درمیان باہمی تعاون کے عمدہ مواقع موجود ہیں لہذا سفارتخانہ دونوں ممالک کی ایس ایم ایز کے درمیان باہمی روابط بہتر کرنے میں ساتھ تعاون کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال اب کافی بہتر ہو گئی ہے جبکہ سی پیک کی وجہ سے کاروبار و سرمایہ کاری کے بہت سے نئے مواقع پیدا ہو گئے ہیں لہٰذا سپین میں موجود پاکستان کا سفارتخانہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے موجود پرکشش مواقعوں کے بارے میں سپین کے سرمایہ کاروں کو آگاہ کرنے میں اپنا کردار ادا کرے تا کہ وہ پاکستان میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر زیادہ توجہ دیں۔

متعلقہ عنوان :