پنجاب حکومت کا آئندہ سیزن سے ڈینگی لاروا رپوٹ ہونے والے گھر پر سرخ سٹکر لگانے کا فیصلہ

اپنے گھروں کے اندر صفائی اور ڈینگی ہاٹ سپاٹ ختم کرنا مکینوں کی ذمہ داری ہے، رواں سال پنجاب میں ڈینگی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے‘کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ڈینگی ملازمین کو بھی ریگو لر کیا جائے گا‘ وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت اجلاس

منگل 21 نومبر 2017 17:39

پنجاب حکومت کا آئندہ سیزن سے ڈینگی لاروا رپوٹ ہونے والے گھر پر سرخ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2017ء) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ گھروں کے اندر صفائی رکھنا اور ڈینگی ہاٹ سپاٹس کو ختم کرنا مکینوں کی ذمہ داری ہے اور حکومت کے تمام محکمے گذشتہ کئی برس سے اس سلسلہ میں عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے ذرائع ابلاغ ، واکس اور سیمینار کے زریعے مہم چلارہے ہیں اور ٹیمیں گھر گھر جاکر ڈینگی کی افزائش روکنے کے لئے سرویلنس کر رہی ہیں،اب وقت آگیا ہے کہ لوگ بھی اس حوالے سے ذمہ داری کا ثبوت دیں اور اپنے گھروں کو صاف رکھیں، وزیر صحت نے ہدایت کی کہ آیندہ سال سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے والے گھر پر سرخ رنگ کا سٹکر چسپاں کیا جائے ،تھائی لینڈ اور کئی دیگر ممالک میں یہ طریقہ اختیار کیا جاتا ہے کیونکہ ڈینگی صحت کے ساتھ سماجی مسئلہ بھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات منگل کے روز سول سکریٹریٹ کمیٹی روم میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سکریٹری کواپریٹو شہریار سلطان ، سپیشل سکریٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ ڈاکٹر فیصل ظہور ، تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران، چیف منسٹر ڈینگی ریسرچ سیل کے انچارج پروفیسر وسیم اکرم، پبلک ہیلتھ ایکسپریس، PITBکے افسران، سپیشل برانچ اور دیگر اداروں کے نمائندوں اور سی ای او لاہور نے شرکت کی۔

دیگر اضلاع کے دپٹی کمشنرز اور سی ای او ہیلتھ نے ویڈیو لنک کے زریعے اجلاس کی کاروائی میں حصہ لیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر فرخ سلطان نے صوبے میں ڈینگی کی مجموعی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2016میں پنجاب میں ڈینگی کے کل مریضوں کی تعداد 4731تھی جبکہ 2017میں کنفرم مریض1,017رپورٹ ہوئے ہیں جن میں دیگر صوبوں اور بیرون ملک کے کچھ مریض بھی شامل ہیں۔

اسی طرح راولپنڈی میں گذشتہ سال 1135مریض رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال یہ تعداد338رہی اور لاہور میں گذشتہ سال کے 917کے مقابلے میں رواں سال صرف 68مریض رپورٹ ہوئے جو صوبہ پنجاب کے تمام محکموں کی دن رات کی محنت کا منہ بولتا ثبوت اور شاندار کامیابی ہے۔خواجہ عمران نذیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کے مخصوص حالات کے باوجود صوبہ پنجاب خصوصاً راولپنڈی میں ڈینگی پرنمایاں کنٹرول قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ڈینگی ملازمین کو ریگولر کرنے کے لئے حکومت سنجیدہ ہے۔ انہوں نے تمام اضلاع کو ہدایت کی کہ کنٹریکٹ ڈینگی ملازمین کی فہرستیں محکمہ صحت کو بھجوائی جائیں تاکہ اس معاملہ پر پیش رفت کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر تنقید کے باوجود تمام سرکاری محکموں اور ڈینگی ورکرز نے بہت محنت سے خدمات سر انجام دی ہیں۔ انہوں نے سپیشل برانچ کی رپورٹ کی روشنی میں ہدایت کی کہ جن اداروں کی سرگرمیاں کم ہیں وہ انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں میں اضافہ کریں تاکہ ڈینگی پر موثر کنٹرول برقرار رکھا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :